لاہور: نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے پر امن انعقاد کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی رات گئے قربان لائنز میں پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ہیڈ آفس پہنچے، وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت امن وامان کی صورتحال سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں عام انتخابات کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔
انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے عام انتخابات کے لئے سکیورٹی انتظامات اور پولیس کی رہائش گاہوں کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔
وزیر اعلی محسن نقوی نے عام انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہدایات دیں ۔انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے پر امن انعقاد کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں، عام انتخابات کے آزادانہ اور پر امن انعقاد یقینی بنانا قومی ذمہ داری ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ انسپکٹر جنرل پولیس کی قیادت میں پنجاب پولیس نے پہلے بھی ڈلیور کیا ہے اور اب بھی یہ قومی فریضہ بطریق احسن سرانجام دے گی۔
اجلاس میں فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ،راولپنڈی کے سیف سٹی پراجیکٹس پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔نگران وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے سیف سٹی پراجیکٹس انتہائی اہمیت رکھتے ہیں،منصوبے جلد ازجلد مکمل کئے جائیں۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے قربان لائنز میں پولیس کی رہائش گاہوں کی تعمیر کے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کاجائزہ لیا ، انہوں نے نے پولیس اپارٹمنٹس کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کاموں میں اعلی معیار کو سراہا ۔