کراچی : پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں 10 محرم تک موبائل فون سروس جزوی معطل ہوگی۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکشن ( پی ٹی اے) کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کی ہدایت پر کراچی کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل ہوگی۔ رپورٹس کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروسز مختلف اوقات میں بند یا متاثر ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ کراچی کے علاقے اسٹیل ٹاؤن، گلشنِ حدید، جعفر طیار سوسائٹی میں موبائل فون سروس متاثر ہونے کی شکایات ملی ہیں۔ ملیر 15، فیوچر کالونی، داؤد چورنگی، زکریا گوٹھ میں موبائل فون سروس کی معطلی کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ شاہ لطیف ٹاؤن، بھٹائی آباد، میمن گوٹھ مین مارکیٹ میں موبائل فون سروس جزوی معطل ہوئی ہے۔ پیپری اور بن قاسم ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں بھی موبائل فون سروس متاثر ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کی ہدایت پر 10 محرم تک موبائل فون سروس جزوی بند کی جا رہی ہے۔ 10 محرم تک کراچی کے کچھ علاقوں میں موبائل فون سروس جزوی معطل رہے گی۔