ویب ڈیسک: پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر اور خوبرو اداکار و ٹی وی شو ہوسٹ فہد مصطفیٰ کا 'ہیلو پاکستان' کے کور کیلئے کروایا گیا فوٹوشوٹ تنازع کا شکار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ہانیہ عامر اور فہد مصطفیٰ پہلی مرتبہ ایک ساتھی کسی ڈرامے میں کام کرنے جارہے ہیں جس کے سبب پاکستانی ڈراما ناظرین بے انتہا پُرجوش ہیں۔
ہانیہ عامر اور فہد مصطفیٰ کے ڈرامے کا نام 'کبھی میں کبھی تم' ہے جس کا ٹیزر اور آفیشل ٹریلر دونوں ہی دھوم مچاتے نظر آئے۔
اس ڈرامے کی نشریات سے قبل ہی اس قدر مقبولیت کی ایک اور وجہ فہد مصطفیٰ کا 10 سال بعد ڈراموں کی دنیا میں واپسی ہے کیونکہ فہد مصطفیٰ گزشتہ 10 سال سے فلموں میں اداکاری کرتے تو نظر آئے لیکن ڈراموں میں اداکاری نہیں کی۔
اب اس ڈرامے کی پروموشن کرتے ہوئے میگزین' ہیلو پاکستان' نے اپنے کور کیلئے ہانیہ عامر اور فہد مصطفیٰ کا فوٹوشوٹ کروایا جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
اگرچہ اس فوٹو شوٹ میں دونوں فنکاروں کے ملبوسات پر زیادہ تنقید نہیں ہوئی لیکن فوٹوشوٹ کے پوز کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ ' پوز بے حد عجیب ہیں' جبکہ ایک اور صارف نے لکھا کہ ' آپ دونوں بڑے اسٹارز اور پھر مسلمان ہیں اس قسم کے فوٹوشوٹس نہ کروایا کریں'۔
ایک اور انسٹاگرام صارف نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ' اب اس بیہودہ فوٹوشوٹ کے بعد اس ڈرامے کو بھی ہٹ کروا دینا آپ سب لوگ'۔