اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چودھری نثار علی خان نے مستقبل کی سیاست کیلئے آپشنز کھلے رکھے ہوئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے اندر مریم نواز کے سوائے ان کے دیگر سینئر رہنماؤں کیساتھ رابطے برقرار ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے رابطوں کے باوجود ابھی تک چودھری نثار نے پی ٹی آئی میں شامل ہونے کی حامی نہیں بھری۔ ان دنوں وہ اپنے حلقے کی عوام کیساتھ ملاقاتوں میں مصروف ہیں۔ ان کے بیٹۓ تیمور علی خان نے بھی حلقے میں اثرورسوخ بڑھانا شروع کر دیا ہے۔ یہ بات بھی ذہن میں رہے کہ الیکشن 2018ء سے قبل عمران خان نے چودھری نثار علی خان سے ملاقات میں تحریک انصاف میں شمولیت کرنے اور پارٹی کا سینئر عہدیدار بنانے کی آفر کی تھی جسے انہوں نے قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے چودھری نثار وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کی بھی آفر کی۔ اس وقت ان کی سوچ یہ تھی کہ ایک صوبائی نشست کی بنیاد پر ان کا وزیراعلیٰ بننا مناسب نہیں ہوگا۔ ایک ایسی اسمبلی جس میں مسلم لیگ ن اپوزیشن میں ہو اور حمزہ شہباز اپوزیشن لیڈر، وہ ایوان میں شہباز شریف کیخلاف نہیں بول سکیں گے۔ وزیراعظم عمران خان اور چودھری نثار علی خان میں رابطوں کے باوجود وہ پارٹی جوائن نہیں کرینگے اور اپنی آزاد حیثیت برقرار رکھیں گے جبکہ مسلم لیگ ن میں ان کی واپسی کے امکانات ختم ہوچکے اور بلاول بھٹو کی سربراہی میں کام نہیں کر سکتے۔