اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی گزشتہ روز ایک کانفرنس میں اداروں کے خلاف بلاجواز نعرہ بازی کی مذمت کی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت اور میری جماعت آئین کے مطابق ہر شہری کے آزادی اظہار کو یقینی بنانے کے پختہ عزم پر کاربند ہے، حکومت شہریوں کو خود ایسے فورمز مہیا کرتی ہے جہاں وہ عوامی اہمیت کے امور پر اپنے اختلافی نکتہ نظر اور آرا کا پوری آزادی سے اظہار کریں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ایسے فورمز کا فروعی سیاسی مفادات کے لئے ریاستی اداروں بالخصوص مسلح افواج کو نشانہ بنانے کے لئے استعمال کرنا افسوسناک ہے، مسلح افواج کے افسران اور جوان اندرونی و بیرونی خطرات سے ملک کو بچانے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کے بنیادی حقوق کو برقرار رکھنے کی قوم کو یقین دہانی کراتے ہوئے اتوار کو ریاستی اداروں کے خلاف بلاجواز نعرہ بازی کی مذمت کرتا ہوں، مجھے افسوس ہے کہ چند شرکاء کی طرف سے ایسا کیا گیا ، ہمیں عوامی سطح پر زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔