تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن لڑنے کی مکمل آزادی ہونی چاہیے، مرتضیٰ سولنگی

تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن لڑنے کی مکمل آزادی ہونی چاہیے، مرتضیٰ سولنگی
کراچی: نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی کا کہناہے کہ کسی سیاسی جماعت کو الیکشن لڑنے سے نہیں روکا جا سکتا ہے،تمام پارٹیوں کو مکمل آزادی ہونی چاہیے۔ ریڈیو پاکستان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کی بہتری کے لئے کام کر رہے ہیں، ریڈیو پاکستان کی نشریات ڈیجیٹل ہونی چاہئیں، قانونی و آئینی اختیارات کے تحت ریڈیو پاکستان کے مسائل حل کریں گے، یقین دلاتا ہوں دیے گئے وقت کو مسائل کے حل کیلئے استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئین میں واضح ہے کہ ملک کا نظام منتخب نمائندے چلائیں گے، تمام سیاسی جماعتوں کو انتخاب لڑنے کی مکمل آزادی حاصل ہونی چاہیے، کسی سیاسی جماعت کو انتخاب لڑنے سے نہیں روکا جاسکتا۔ نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ میں یہ بہانے دینے کیلئے نہیں آیا کہ ہمارے حالات کتنے برے ہیں، یہ بتانے کیلئے نہیں آیا کہ ہماری محدود مدت اور محدود اختیار کی حکومت ہے، یہ کہوں گا کہ جو بھی ہے ہم حکومت ہیں، میں یہ نہیں کہوں گا کہ پچھلے لوگ یہ کر کے گئے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ مسائل کے حل کیلئے ہم اپنی ذمہ داری پوری کریں گے، یقین ہے بہت کچھ کیا جاسکتا ہے، ریڈیو پاکستان کے بورڈ میں چاروں صوبوں کی نمائندگی ہونی چاہیے۔ انہوں نے سرکاری میڈیا کو رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو منصفانہ کوریج کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری میڈیا کسی سیاسی جماعت کی حمایت یا مخالفت نہ کرے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔