کنگسٹن( ویب ڈیسک ) پاکستانی کرکٹ ٹیم نے جمیکا ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو 109رنز سے شکست دے دی، اس فتح کے بعد سیریز ایک ایک پوائنٹ سے برابر ہو گئی، پاکستانی ٹیم کی طرف سے بنائے جانے والے 329 رنز کا ہدف عبور کرنے کی کوشش میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 219 نز پر ڈھیر ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق شاہین شاہ آفریدی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ نعمان علی نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شاہین آفریدی نے میچ میں مجموعی طور پر دس کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اس طرح شاہین آفریدی دو میچوں کی سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے پاکستانی فاسٹ باؤلر بن گئے۔ شاہین آفریدی نے دو ٹیسٹ میچوں میں مجموعی طور پر18 وکٹیں حاصل کیں، اس کارکردگی پر انہیں مین آف دا میچ اور مین آف دا سیریز قرار دیا گیا، کپتان بابر اعظم نے اپنے ایک بیان میں شاہین آفریدی کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ خوشی ہے کہ شاہین جیسے اٹیکنگ باؤلر ٹیم میں موجود ہیں، ٹیم کے ہر بیٹسمین کو فواد عالم سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔