پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے، لہٰذا وہ آج قومی اسکواڈ کے دیگر ارکان کے ہمراہ لاہور واپس نہیں آئیں گے۔ مصباح الحق اب دس روز تک جمیکا میں قرنطینہ کریں گے، جس کے بعد انہیں پاکستان واپسی کی اجازت ہوگی۔ کیریبین میں موجود قومی اسکواڈ میں شامل تمام ارکان کی وطن واپسی سے قبل دو مرتبہ کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کی گئی. ان ٹیسٹنگ کے نتائج میں صرف مصباح الحق ہی وہ واحد رکن ہیں جن کے دونوں کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ ٹیسٹ مثبت ہونے کے باوجود مصباح الحق میں کورونا کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی۔ پی سی بی کرکٹ ویسٹ انڈیز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ میزبان بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ مصباح الحق کو دس روزہ قرنطینہ کے لیے جلد دوسرے ہوٹل منتقل کردیا جائے گا، جہاں میڈیکل اسپیشلسٹ ان کی دیکھ بھال کرنے کے لیے موجود ہوں گے۔