اسلام آباد: ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ انتخابی شیڈول حلقہ بندیاں مکمل کرنے کے بعد ہی جاری کیا جائے گا۔ ن لیگ کےوفد کی الیکشن کمیشن سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن اور ن لیگ کے وفد کی دو گھنٹے ملاقات جاری رہی، الیکشن کمیشن کی جانب سے ن لیگ کے وفد کو ورکنگ لنچ بھی کروایا گیا۔ ذرائع کے مطابق ن لیگ نے حلقہ بندیوں کے ساتھ ساتھ انتخابی فہرستوں کو حتمی شکل دینے کی بھی تجویز پیش کی۔ الیکشن کمیشن حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کے ساتھ انتخابی فہرستوں کی تجدید کا کام پہلے ہی شروع کر چکا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ الیکشن کمیشن نے قبل از وقت انتخابی فہرستوں کی تکمیل سے معذرت کر لی۔ الیکشن کمیشن نے دوٹوک جواب دیا ہے کہ انتخابی شیڈول حلقہ بندیاں مکمل کرنے کے بعد ہی جاری کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے صدر مملکت سے مشاورت کے معاملے پر اعظم تارڑ اور زاہد حامد سے سوالات کیے، زاہد حامد اور اعظم تارڑ نے الیکشن کمیشن کو قانونی پہلوٶں سے آگاہ کیا۔ن لیگ نے چند حلقوں میں ووٹرز کی تعداد پر تجاویز دیں ، ن لیگ کو انتخابی نتائج سے متعلق نئے سسٹم کے حوالے سے آگاہ کیا گیا، الیکشن کمیشن مشاورت جاری رکھے گا لیکن فیصلے آئین کے مطابق ہوں گے۔