ڈنمارک کا قرآن پاک کی بے حرمتی روکنے کیلئے قانون سازی کا اعلان

ڈنمارک کا قرآن پاک کی بے حرمتی روکنے کیلئے قانون سازی کا اعلان
ڈنمارک کے وزیر انصاف نے قومی سلامتی کا حوالہ دیتے ہوئے ایک بل کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد اشتعال انگیز اقدام کو ختم کرنا ہے۔ ڈنمارک کی حکومت نے جمعے کے روز ایک بل پیش کیا جس کے تحت قرآن مجید کو جلانے پر پابندی لگ سکتی ہے۔اس حوالے سے ڈنمارک کے وزیر خارجہ لارس لوکے راسموسن نے ڈنمارک کے ریڈیو کو بتایا کہ یہ اقدام باقی دنیا کو ایک "اہم سیاسی اشارہ" بھیجتا ہے۔ نئے قانون کے تحت قرآن پاک کو جلانے پر جرمانہ یا دو سال تک قید کی سزا ہوگی۔وزیر انصاف پیٹر ہملگارڈ نے وضاحت کی کہ مجوزہ قانون کا اسی ضابطے میں لکھا جائے گا ،جس کے تحت دوسرے ممالک کے جھنڈوں کی بے حرمتی پر پابندی لگائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈنمارک کا قانون "مذہبی کمیونٹی کیلئے اہم مذہبی اہمیت کی چیزوں کے ساتھ نامناسب سلوک" کو ممنوع قرار دے گا۔ ہملگارڈ نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ قرآن جلانے کا ایک سلسلہ "بے ہودہ طنز" تھا جس کا مقصد "تنازعہ اور نفرت" کو ہوا دینا تھا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پابندی قومی سلامتی کے مدنظر رکھتے ہوئے لگائی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بل کے تحت مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن ، بائبل یا تورات کو سرعام جلانا مجرمانہ جرم ہو گا۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ یہ تجویز 179 نشستوں والی ڈنمارک کی پارلیمنٹ میں کب پیش کی جائے گی۔حکومتی اتحاد میں شامل تین پارٹیاں 88 نشستوں پر قابض ہیں اور انہیں گرین لینڈ اور فیرو جزائر کے نیم آزاد ڈنمارک کے علاقوں کی نمائندگی کرنے والے چار سیاستدانوں کی حمایت بھی حاصل ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔