کراچی: ( پبلک نیوز) انگلینڈ کے مشہور فٹ بالر مائیکل اوون تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ ان کے دورے کو پاکستان میں فٹبال کی مقبولیت اور بیش بہا ٹیلنٹ کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔ مائیکل اوون کا شمار دنیا کے مقبول ترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ وہ 2001ء میں ورلڈ پلیئر آف دی ایئر بھی رہے۔ انہوں نے 1998ء میں بی بی سی کے سپورٹس پرسنیلٹی آف دی ایئر کا اعزاز بھی اپنے نام کیا تھا۔ مائیکل اوون دورہ پاکستان کے دوران اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ 26 جنوری کو وہ کراچی میں این ای ڈی فٹ بال گراؤنڈ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ فٹ بال کے شائقین کے گڑھ، لیاری کا دورہ بھی پروگرام میں شامل ہے۔ مایہ ناز فٹ بالر 27 جنوری کو پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کو بھی رونق بخشیں گے۔ بین الاقوامی فٹ بال کوچز بھی ان کے ساتھ پاکستان آئے ہیں۔ مائیکل اوون کا یہ اہم دورہ پاکستان میں فٹ بال کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ https://twitter.com/themichaelowen/status/1467404349966008321?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1467404349966008321%7Ctwgr%5E%7Ctwcon%5Es1_c10&ref_url=https%3A%2F%2Fwww.humnews.pk%2Flatest%2F364824%2F خیال رہے کہ مائیکل اوون کو پاکستان میں کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو کا حصہ بنایا گیا ہے۔ وہ پاکستان میں فٹبال کے شوقین نوجوانوں کو کھیل کے گر سکھائیں گے۔ گذشتہ سال دسمبر میں مائیکل اوون نے پاکستانی نوجوانوں کیلئے اپنا ایک ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا میں آپ کی انٹرنیشنل معیار کی کوچنگ کیلئے تیار ہوں۔ میں پاکستانی نوجوانوں کو مقامی اور بین سطح پر لانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان سپورٹس ڈرائیو وزیراعظم عمران خان اور عثمان ڈار کا زبردست آئیڈیا ہے۔ پاکستان کی زیادہ تر آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ میری کوشش ہوگی کہ کامیاب جوان پروگرام کے پلیٹ فارم کے ذریعے فٹبال کا زبردست ٹیلنٹ تلاش کروں۔ پاکستان میں نوجوان کھلاڑیوں کو تلاش کرنے کیلئے قومی سطح پر ٹرائلز شروع کئے جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی مائیکل اوون کو کامیاب جوان کا سفیر بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ نوجوانوں کیلئے پوری منصوبہ بندی کے ساتھ جامع پروگرام لانچ کیا جا رہا ہے۔ پاکستان میں ٹیلنٹ تلاش کرنے کا زبردست موقع فراہم کر رہے ہیں۔