پبلک نیوز: آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی 45 نشستوں پر 724 امیدوار مدمقابل رہے، 33 نشستوں پر آزاد کشمیر میں پولنگ ہوئی۔ پولنگ کا وقت ختم ہوچکا ہے جبکہ ووٹوں کی گنتی جاری ہے. آزاد کشمیر میں11ویں عام انتخابات کےغیرحتمی، غیرسرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری،45 نشستوں میں سے تحریک انصاف زیادہ سیٹیں جیت کرپہلےنمبرپرموجود۔ غیرسرکاری نتائج کےمطابق ن لیگ دوسرے اور پیپلزپارٹی کا تیسرا نمبرہے۔ سیالکوٹ میں پی ٹی آئی کی جیت پرجشن اور کھلاڑیوں نے بھنگڑے ڈالے۔ آزاد جموں کشمیر اسمبلی کے انتخابات میں اب تک پچیس حلقوں کے مکمل نتائج بپلک نیوز کو موصول ہوگئے ہیں، نتائج کے مطابق تحریک انصاف پندرہ نشستوں پر کامیابی حاصل کرچکی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ نواز اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چار چار امیدواران کامیابی حاصل کرچکے ہیں۔ اس کے علاوہ سات سے آٹھ نشستوں پر تحریک انصاف کو واضح برتری حاصل ہے۔ مسلم کانفرنس کے دو نشستوں پر کامیابی کے امکانات پائے جارہے ہیں، جموں کشمیر پیپلزپارٹی بھی ایک نشست پر کامیابی حاصل کرچکی ہے۔ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) ، پاکستان تحریک انصاف ، پاکستان پیپلز پارٹی اور تحریک لبیک پاکستان کے 33,33 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، مسلم کانفرنس کے 32 امیدوار ، جماعت اسلامی کے 28 جبکہ جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے 17امیدوار الیکشن میں شریک ہیں۔آزاد کشمیر الیکشن میں 32 لاکھ ، 20 ہزار 793 رجسٹرڈ ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا ، ان میں مرد ووٹرز کی تعداد 17 لاکھ ، 52 ہزار 788 ہے جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 14 لاکھ 68 ہزار 5 ہے.