’نگران وزیراعظم کیلئے اسحاق ڈار کا نام آئین اور قانون کیساتھ مذاق ہوگا‘

’نگران وزیراعظم کیلئے اسحاق ڈار کا نام آئین اور قانون کیساتھ مذاق ہوگا‘
راولپنڈی: سابق وفاقی وزیر داخلہ اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ 15 دن رہ گئے ہیں نگران حکومت اور اُس کے وزیراعظم کا اعلان انتہائی اہم ہوگا جس سے الیکشن کے شفاف ہونے یا داغدار ہونے کا بھی قوم کو پتا چل جائے گا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد نے لکھا کہ اسحاق ڈار کی نگران وزیراعظم کی خواہش خبر تو بن سکتی ہے لیکن سارے الیکشن کو سوالیہ بنا کر رسوا بھی کرسکتی ہے، اگر اسحاق ڈار نگران وزیراعظم ہوگا تو خاک نیوٹرل الیکشن ہوگا، اگر اسحاق ڈار کا نام آتا ہے تو یہ آئین اور قانون کے ساتھ مذاق کے مترادف ہوگا اگر اس قسم کے الیکشن کروانے ہیں تو یہ جمہوریت کی بدنامی کی شروعات ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جنہوں نے اتنی مشکل سے اپنے کیس ختم کرانے کیلئے قانون بنائے ہیں انہیں ترمیم شده طاقتور نگران وزیراعظم کی ضرورت ہے تاکہ جو کیس 15 مہینے میں ختم کرائے ہیں اُن کے شکنجے میں دوبارہ نہ آجائیں کیونکہ نیب کے کیس کا فیصلہ ابھی سپریم کورٹ سے آنا باقی ہے،جس گھر میں بجلی کا بل پہنچ گیا ہے وہاں صف ماتم بچھی ہوئی ہے اور ابھی گیس کا بل اضافے کے ساتھ آنا باقی ہے۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ جو یہ گڑھا کسی کے لئے کھود رہے ہیں اُس گھڑے میں جمہوریت دفن ہوگی ہے، آئین موم کی ناک بن چکا ہے جس طرف ان کا جی چاہتا ہے موڑ لیتے ہیں، آئین کے سامنے حکومت برہنہ ہو کر کھڑی ہوگئی ہے یہ آئین کے خلاف کھلی بغاوت ہے، آئین پر عمل ہے نہ قانون پر، نہ ہی غریب کے مسائل کا حل ہے، آئین کو کھڈے لائن لگا دیا گیا ہے اسے بے آئینی سر زمین بنا دیا گیا ہے یہ ہے حکومت کی 15 مہینے کی کہانی۔ سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ نگران نہ ٹرانسفر کر سکتی ہے اور نہ ہی پوسٹنگ اور نہ ہی کوئی اہم فیصلہ کر سکتی ہے، صرف الیکشن کے انتظامات کر سکتی ہے، آٹا ،چینی، گیس، بجلی مہنگی لیکن بیوروکریٹ کو رشوت کے طور پر 200 نئی گاڑیوں کی سلامی دی جا رہی ہے، پاکستان کی سیاست میں موجودہ دور سیاہ ترین دور کے طور پر لکھا جائے گا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔