پاکستانی سیاست میں ہلچل، ق لیگ میں پھوٹ پڑ گئی

پاکستانی سیاست میں ہلچل، ق لیگ میں پھوٹ پڑ گئی
مسلم لیگ کے (ق) میں شدید سیاسی اختلافات کی وجہ سے پارٹی سربراہ چودھری شجاعت حسین کے چھوٹے بھائی چودھری وجاہت نے اپنی راہیں جدا کرتے ہوئے نئی پارٹی کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اہم فیصلے کا اعلان انہوں نے گجرات میں میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ چودھری وجاہت حسین کا کہنا تھا کہ ان کے خاندان میں تقسیم کی وجہ طارق بشیر چیمہ ہیں۔ چودھری شجاعت کی اولاد ان کا سیاسی کیرئیر خراب کر رہی ہے۔ وہ اپنے بیٹوں کے ہاتھوں مجبور ہو چکے ہیں۔ انہوں نے اپنے والد کو یرغمال بنا لیا ہے۔ چودھری وجاہت حسین کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے اب ہماری ایک الگ پہچان ہوگی، ہم اپنی نئی سیاسی پارٹی کی تشکیل کریں گے اور انتخابات کے میدان میں اتریں گے۔ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 31 سے ہماری فیملی کے امیدوار میاں عمران مسعود ہی ہونگے۔ پاکستان میں کسی وقت بھی الیکشن کا انعقاد ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چودھری ظہور الٰہی خاندان کو کسی کی نظر لگ گئی ہے۔ دیکھیں کیسا وقت آ گیا ہے کہ ایک بھائی کے پیچھے پولیس نظر آتی ہے جبکہ دوسرا بھائی آگے ہے۔ جبکہ چودھری شجاعت نے مجھ سے کہا کہ عوام کو بتایا جائے کہ میں اور چودھری پرویز الٰہی ایک تھے، ہیں اور رہیں گے۔ چودھری وجاہت حسین کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف علی زرداری لوگوں میں جتنی رقم باٹ رہا ہے، اتنی تو چودھری شجاعت خیرات کرتے ہیں۔ یہ ہمارے لئے افسوس کا مقام ہے کہ اب اسی چودھری شجاعت کا بیٹا زرداری سے ڈالر کی مانگ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے علاقے گجرات کی سیاست سے چودھری سالک حسین کا کبھی دور دور کا تعلق نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے اپنا وعدہ پورا کریں گے۔ پرویز مشرف کا ساتھ اس وقت تک دیا جب تک وہ پاکستان میں رہے۔ جبکہ نواز شریف کا ساتھ بھی کبھی نہیں چھوڑا تھا۔ جونیجو دور سے لے کر ان کے جدہ جانے تک ہم ان کیساتھ ساتھ رہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔