عزم استحکام کے سیاسی عزائم نہیں، پی ٹی آئی کے تحفظات دورکرینگے، خواجہ آصف

kh asif on ezm e istehkam
کیپشن: kh asif on ezm e istehkam
سورس: google

ویب ڈیسک : وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آپریشن عزم استحکام کے کوئی سیاسی عزائم نہیں بلکہ اس سے چند ماہ سے دہشتگردی کی بڑھتی ہوئی لہر کا مقابلہ کیا جائے گا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ملک میں دہشت گردوں کی کوئی رٹ قائم نہیں ہوئی اور آپریشن عزم استحکام کا ماضی کے آپریشنز کے ساتھ موازنہ درست نہیں۔
انھوں نے کہا کہ ’ماضی میں بھی دہشتگردی کے خلاف آپریشن ہوئے اور آپریشن عزم استحکام بھی دہشتگردوں کے خلاف کیا جائے گا تاہم ماضی اور اب کی صورتحال میں ایک بنیادی فرق ہے۔‘
’اس وقت سوات اور فاٹا سیمت کئی قبائلی اضلاع میں دہشتگردوں کا قبضہ ہو چکا تھا۔ پورے پورے علاقے نو گو ایریا بن چکے تھے لیکن اب صورتحال ایسی نہیں۔ بلوچستان اور ڈیرہ اسماعیل خان کے صرف کچھ علاقوں میں رات کے وقت بی ایل اے والے کارروائی کرتے ہیں۔‘
خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی، جے یو آئی اور اے این پی نے اس حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا ہے لیکن سیاسی پارٹیوں کی تشویش کو دور کیا جائے گا اور پارلیمان میں اس پر بحث کی جائے گی۔
خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ ایپکس کمیٹی میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ موجود تھے، اور کسی نے اس آپریشن کی مخالفت نہیں کی۔
’وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے ایپکس کمیٹی میں کوئی اختلاف نہیں کیا بلکہ دبے الفاظ میں آپریشن کی حمایت کی۔‘
وزیر دفاع نے کہا کہ اس آپریشن کی کامیابی کے لیے تمام تر اداروں کو اسے سپورٹ کرنا ہو گا،’عدلیہ اور میڈیا اگر قومی سلامتی کی اس کوشش کو سپورٹ نہیں کریں گے، تو یہ موثر ثابت نہیں ہو گا۔‘

Watch Live Public News