اسلام آباد ( پبلک نیوز) صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ جنگ ہو یا اندرونی خلفشار ٗ دہشت گردی ہو یا امن و امان کا مسئلہ ٗ حادثات ہوں یا قدرتی آفات کا مسئلہ ٗ ہماری عوام اور مسلح افواج نے کندھے سے کندھا ملا کر وطن عزیز کی حفاظت ٗ مضبوطی اور ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے ٗ فضائوں کی بلندیاں یا سیاچن کی سرد چوٹیاں ٗ لق و دق صحرائوں کی حفاظت کا ذمہ ہو یا سمندر کی وسعتیں ٗ ہمارے جری جوان ہمہ وقت چوکس دن رات وطن کی حفاظت پر مامور ہیں۔یوم پاکستان کی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ 81سال قبل آج کے قبل پیش ہونے والی قرار داد پاکستان دراصل پہلی جامع دستاویز تھی ٗ جس میں واضح طور پر دو قومی نظریہ کی بنیاد پر ہندوستان کے مسلمانوں کے مستقبل کا تعین کیا گیا ٗ علامہ اقبال کے افکار اور قائد اعظم کی قیادت کی بدولت سات سال کے قلیل عرصہ میں مسلمانان برصغیر آزادی کی نعمت سے سرفراز ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے مشکل حالات میںاپنے سفر کا آغاز کیا لیکن آج ہم علمی ٗاقتصادی ٗ سیاسی اور سماجی شعبوں میں ترقی کرنے کے ساتھ ساتھ دفاعی لحاظ سے خود انحصاری حاصل کر چکے ہیں اور ایک مضبوط ایٹمی قوت ہیں۔ ہماری دلیر اور مضبوط افواج ٗ ہماری آزادی کا نشان اور خود مختاری کی علامت ہیں۔ ہمارے شہدا اور غازی ہمارا فخر ہیں۔ آج کے د ن پوری قوم تحریک پاکستان کے قائدین اور کارکنوں کو ٗدفاع وطن کا فریضہ سرانجام دینے والے اپنےبہادر افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور عوام نے ملکر جس طرح نفرت ٗ تعصب اور دہشت گردی کیخلاف جدوجہد کی وہ قابل تحسین ہے ٗ جس کامیابی اور پیشہ وارانہ مہارت سے پاک افواج نے آپریشن رد الفساد میں پاکستان کے طول و ارض پر پھیلے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو نیست و نابود کیا ٗآج پوری دنیا اس کی معترف ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال سے دنیا کو کورونا کی خطرناک وبا کا سامنا ہے اور ہم نے کم وسائل کے باوجود جس طرح عام مزدور کا خیال کرتے ہوئے اس وبا کا سامنا کیا ٗ اپنی نمازیں قائم رکھیں ٗ وہ بہت سے ترقی یافتہ ممالک کیلئے بھی ایک مثال ٹھہرا ہے ٗ ہم اس وبا پر بہت جلد قابو پا لیں گے مگر یاد رکھیں احتیاط لازم ہے۔