قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے یوم تکریم شہدا کے روز پیغام جاری کرتے ہوئے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم شہیدوں کی خدمات کو بھولی اور نہ بھولے گی ۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں بابر اعظم نے پاکستان کے تمام لوگوں کے لئےایک خاص پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی مٹی کی محبت میں شہید ہونے والوں سے بے حد محبت کرتا ہے، پاکستانی عوام شہدا کی خدمات کو کبھی بھولی ہے اور نہ بھولے گی، آئیں سب مل کر پاکستان کی کامیابی میں ساتھ دیں۔ خیال رہے کہ ملک بھر میں آج یومِ تکریم شہدائے پاکستان منایا جارہا ہے جس میں قوم شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کررہی ہے۔ یومِ شہدائے تکریم پاکستان کی مرکزی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی آرمی چیف جنرل عاصم منیر تھے۔ تقریب میں پاک فضائیہ، پاک بحریہ کے سربراہان، حاضرسروس اور ریٹائرڈ افسران سمیت قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات اور شہدا کے اہلخانہ نے شرکت کی۔