ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا

ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور سمیت ملک بھر میں ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے پیش نظر تمام پیٹرول پمپس بند ہیں جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پمپس مالکان نے مارجن 6 فیصد تک کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ڈیلرز نے کہا کہ حکومت نے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن اب تک کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔ سیکرٹری پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہےکہ حکومت نے مطالبات تسلیم نہیں کیے اور جب تک ڈیلرمارجن 6 فیصد نہیں کیا جاتا مذاکرات نہیں ہوں گے۔ ادھر پیٹرول پمپس بند ہونے سے ناجائز منافع خوروں نے پیٹرول کے من پسند ریٹ وصول کرنا شروع کر دیے ہیں۔ جبکہ پمپس بند ہونے کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ بھی متاثر ہے۔ کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس بند ہونے کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کے اعلان کے بعد کراچی کے بیشتر علاقوں میں پیٹرول پمپس بند پڑے ہیں جہاں کلفٹن، لیاقت آباد، صدر، سہراب گوٹھ، آئی آئی چند ریگر روڈ اور دیگر علاقوں میں بیشتر پمپس بند ہیں۔ شہر کے جن علاقوں میں اکا دکا پمپس کھلے ہیں وہاں گاڑیوں کی لمبی قطاریں ہیں جب کہ شہری گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے علاوہ بوتلوں میں بھی پیٹرول لے جارہے ہیں۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بیشتر پیٹرول پمپس بند ہیں جس کی وجہ سے شہری پیٹرول کے لیے مارے مارے پھررہے ہیں۔ پنجاب میں لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ، فیصل آباد، پشاور اور دیگر شہروں میں بھی ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کی کال پر پمپس بند ہیں جبکہ پمپس مالکان بھی ڈیلرز کی طرح کمیشن 6 فیصد تک کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ دوسری جانب ترجمان پی ایس او نے کہا ہے کہ ملک بھر میں پی ایس او کے پیٹرول پمپس کھلے رہیں گے۔ پی ایس او حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول پمپس پر فیول کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ پی ایس او کی سپلاٸی چین بھرپور طور پر فعال ہے۔ ہم عوام کی خدمت کے لیے ہمیشہ کی طرح مستعد ہیں۔ پیٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال کے اعلان کے بعد پی ایس اور دیگر اآئل کمپنیز نے کل کپپنی ملکیتی پمپس چلانے کا اعلان کیا ہے۔ پی ایس او کے مطابق ملک بھر میں ہمارے پیٹرول پمپس جو کمپنی ملکیت اور زیر انتظام ہیں کھلے رہیں گے۔ ادھر شیل پاکستان کی جانب سے بھی کمپنی کی ملیکت والے پمپس چلانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ پی ایس او کے ملک بھر میں 23 جبکہ شیل پاکستان کے 40 کمپنی ملکیت زیر انتظام پمپس ہیں۔ پی ایس او کے کراچی میں 7 جبکہ شیل کے 6 کمپنی ملکیت پیٹرول پمپس ہیں۔

Watch Live Public News