اداکار اسماعیل تارا کی وفات پر صدر،وزیراعظم و دیگر کا اظہار افسوس

اداکار اسماعیل تارا کی وفات پر صدر،وزیراعظم و دیگر کا اظہار افسوس
پاکستان کے مشہور مزاحیہ اداکار اسماعیل تارا 73 برس کی عمر میں گذشتہ روز کراچی میں انتقال کر گئے۔ان کی وفات پر صدر،وزیراعظم ، و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان کے معروف اداکار سن 1949 کو لاہور میں پیدا ہوئے ، انہوں نے 1964 میں اپنا فنکارانہ سفر شروع کیا ، کامیڈی اسماعئل تارا کی پہچان تھی. بطور مزاحیہ اداکار انہوں نے کئی سالوں تک شائقین کو اپنے سحر میں مبتلا رکھا. انہوں نے کئی اسٹیج ڈراموں، فلموں اور ٹیلی وژن ڈراموں میں بھی کام کیا۔ اداکار اسماعئل تارا کو شہرت پاکستان ٹیلی وژن کے پروگرام ففٹی ففٹی سے ملی اور دیکھتے ہی دیکھتے ان کا شمار ٹاپ کے اداکاروں میں ہونے لگا. انہیں ان کی خدمات کے اعتراف میں متعدد مرتبہ ایوارڈز بھی ملے. ان کی مزاحیہ اداکاری کیلئے ان کو نگار ایوارڈ کئی بار مل چکا ہے۔ ان کی اداکاری کی دنیا میں وجہ شہرت پی ٹی وی کے مزاحیہ خاکوں پر مبنی سلسلہ ففٹی ففٹی ہے کہ جس میں انہوں نے اداکاری کے علاوہ بعض خاکے بھی لکھے تھے ۔ اس ڈرامے میں انہوں نے مزاحیہ اداکار ماجد جہانگیر کے ساتھ مل کر بہاری لہجے میں منوا اور ببوا کے لازوال کردار تخلیق کیے تھے۔ ان کی وفات یقینا شوبز انڈسٹری کے لئے ایک بہت بڑا نقصان ہے. صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے معروف اداکارو کامیڈین اسماعیل تارا کے اِنتقال پر اظہارِتعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اداکاری اور مزاح کے شعبے میں اسماعیل تارا کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور کہا کہ اسماعیل تارا ایک اچھے اداکار اور کامیڈین تھے انہوں نے اپنی اداکاری سے مسکراہٹیں اور خوشیاں بکھیریں ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اداکار اسماعیل تارا کے انتقال پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے. وزیراعظم نے مرحوم اسماعیل تارا کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی بلندی درجات کے لیے دعا بھی کی اور انہوں نےکہا کہ مرحوم اسماعیل تارا مزاحیہ اداکاری میں منفرد مقام رکھتے تھے ، انہوں نے پاکستان میں مزاح کو آرٹ کی ایک صنف کے طور پر مقبول کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے. پاکستان ٹیلی ویژن اور فلم کے ناظرین کے ذہنوں پر ان کی اداکاری کے ان مٹ نقوش ہیں خصوصاً پاکستان ٹیلی ویژن کے پروگرام ففٹی ففٹی میں ان کی اداکاری یادگار رہےگی اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جایئں گی۔ پی پی پی چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی معروف مزاحیہ اداکار اسماعیل تارا کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسماعیل تارا مرحوم پاکستان کی دنیائے اداکاری کے درخشاں ستارے تھے ، وہ زندگی بھر اپنے منفرد انداز سے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرتے رہے ہیں ، دعاگو ہوں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ اس کے ساتھ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے بھی دلی تعزیت کی اور اداکار کے خاندان والوں کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی اداکار اسماعیل تارا کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ وہ مزاحیہ اداکاری میں منفرد کردار تھے، انہوں نے مرحوم اسماعیل تارا کے خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور ان کی مغفرت اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔