مریم نواز کے پاسپورٹ کی واپسی، سماعت کرنیوالا بنچ ٹوٹ گیا

مریم نواز کے پاسپورٹ کی واپسی، سماعت کرنیوالا بنچ ٹوٹ گیا
لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کے پاسپورٹ کی واپسی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کرنے والا بنچ ٹوٹ گیا ہے کیونکہ جسٹس فاروق حیدر نے اس پر سماعت کرنے سے معذرت کر لی ہے۔ خیال رہے کہ مریم نواز شریف نے اپنے پاسپورٹ کی واپسی کیلئے عدالت عالیہ میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔ عدالت کی جانب سے گذشتہ سماعت پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا گیا تھا۔ لیگی رہنما مریم نواز شریف نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ انہوں نے اپنا پاسپورٹ لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر جمع کرایا تھا۔ مریم نواز کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ وہ 27 اپریل کو عمرہ کی سعادت کیلئے سعودی عرب جانے کی خواہش مند ہیں اور ان کی تمنا ہے کہ وہ عمرے کی ادائیگی کے بعد لندن جائیں تاکہ وہاں وہ اپنے بیمار والد سے ملاقات اور ان کی تیمار داری کر سکیں۔ ان کی جانب سے عدالت میں دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ مریم نواز کا پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دے تاکہ وہ بیرون ملک سفر کر سکیں۔ دوسری جانب نیب کی جانب سے عدالت میں جواب جمع کراتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کی ضمانت کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے جبکہ ان کی ضمانت کو منسوخ کرنے کی درخواست بھی دائر ہے۔ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے معزز عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ مریم نواز شریف کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست مسترد کی جائے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔