خاتون جج کو دھمکی: عمران خان کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس ارسال

خاتون جج کو دھمکی: عمران خان کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس ارسال
رجسٹرارآفس ہائیکورٹ سے جاری شوکاز نوٹس عمران خان کی رہائش گاہ پر بھجوایا گیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جاری شوکاز نوٹس میں کہا گیا کہ عمران خان نے خاتون جج کے بارے میں توہین اوردھمکی آمیز تقریرکی۔ عمران خان نےتقریراس وقت کی جب کیس اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیرسماعت تھا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے شوکاز نوٹس کے مطابق عمران خان نے توہین اور دھمکی آمیز تقریر من پسند فیصلہ لینے کے لیے کی، عمران خان نے تقریر کے ذریعے انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی ہے۔ شوکاز نوٹس میں مزید کہا گیا کہ عمران خان نے خاتون جج کو دھمکی دے کرکریمنل اور جوڈیشل توہین کی، 31 اگست کو پیش ہوکر بتائیں کیوں نا آپ کے خلاف توہین عدالت کارروائی کی جائے۔ خیال رہے کہ 20 اگست کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد، ڈی آئی جی اسلام آباد اور خاتون مجسٹریٹ کیخلاف ایکشن لینے اور عدالت جانے کا اعلان کیا تھا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے خاتون مجسٹریٹ کو دھمکیاں دینے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کا فیصلہ کیا تھا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔