کیا آپ کو یوٹیوب پر سب سے زیادہ سبسکرائبرز والے چینلز کا پتہ ہے؟

کیا آپ کو یوٹیوب پر سب سے زیادہ سبسکرائبرز والے چینلز کا پتہ ہے؟
کیپشن: کیا آپ کو یوٹیوب پر سب سے زیادہ سبسکرائبرز والے چینلز کا پتہ ہے؟

ویب ڈیسک: رونالڈو نے پہلے تین دن میں 3 کروڑ 90 لاکھ سے زائد سبسکرائبرز حاصل کر کے ’سوشل میڈیا انگیجمنٹ‘ کی نئی حدیں مقرر کردی ہیں۔ وہیں یہ بات بھی دلچسپی کا باعث ہے کہ آخر یوٹیوب پر سب سے زیادہ سبسکرائبرز کس کے ہیں۔

آئیے جانتے ہیں یوٹیوب پر موجود 10 ایسے بڑے چینلز کے بارے میں جن کے سب سے زیادہ سبسکرائبرز ہیں۔

1 مسٹر بیسٹ

یوٹیوب پر موجود سب سے زیادہ سبسکرائبرز والا چینل مسٹر بیسٹ کا ہے جس کے کُل ملا کر 311 ملین سبسکرائبرز ہیں۔

یہ انگریزی زبان کا انٹرٹینمنٹ چینل ہے جس پر امریکا سے تعلق رکھنے والے جیمز سٹیفن ڈونلڈسن عرف جمی مختلف چیلنجز پر مبنی ویڈیوز پوسٹ کرتے ہیں۔

مسٹر بیسٹ نے 2012 میں یوٹیوب پر ویڈیوز اپلوڈ کرنا شروع کی تھیں، تاہم 2017 میں ان کی ویڈیوز وائرل ہونا شروع ہوئیں۔ اس کے بعد جمی نے اپنے بچپن کے کچھ دوستوں کو ساتھ ملایا اور یوٹیوب پر کام جاری رکھا۔

مسٹر بیسٹ کی ویڈیوز مختلف زبانوں میں ترجمہ کر کے بھی اپلوڈ کی جاتی ہیں۔ جمی کے اس کے علاوہ بھی کئی کمپنیاں اور چینلز ہیں جو انہوں نے مسٹر بیسٹ کے بعد بنائے ہیں۔

مسٹر بیسٹ کے مین چینل کے علاوہ مسٹر بیسٹ 2 پر 44.9 ملین، بیسٹ فیلنتھراپی پر 25.8 ملین، مسٹر بیسٹ گیمنگ پر 45 ملین اور بیسٹ ری ایکٹس 34.4 ملین سبسکرائبرز ہیں۔

2 ٹی سیریز

یوٹیوب پر موجود دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ سبسکرائبرز ٹی سیریز کے ہیں۔

ٹی سیریز کے اس وقت 272 ملین سبسکرائبرز ہیں اور یہ انڈیا سے تعلق رکھنے والی میوزک ریکارڈ لیبل اینڈ فلم پروڈکشن کمپنی ٹی سیزیز کا چینل ہے۔

سیریز کے بینر تلے بنائی جانے والی فلموں کے ٹریلر اور گانوں کی ویڈیوز اپلوڈ کی جاتی ہیں۔ ٹی سیریز 11 جولائی 1983 کو دہلی میں گلشن کمار نے قائم کی تھی۔

سنہ 2014 کے بعد سے ٹی سیریز انڈیا کی سب سے بڑی میوزک کمپنی بن چکی ہے۔ ٹی سیریز کے مین چینل کے علاوہ 30 دیگر چینلز بھی ہیں۔

3 کوکو میلون

یہ ایک امریکی یوٹیوب چینل ہے جو برطانوی کمپنی مون بگ انٹرٹینمنٹ کی ملکیت ہے اور امریکی کمپنی ٹریزر سٹوڈیو کی جانب سے چلایا جاتا ہے۔

کوکو میلون کے یوٹیوب پر 180 ملین سبسکرائبرز ہیں۔ یہ ایک تعلیمی چینل ہے جس پر کارٹونز اپلوڈ کیے جاتے ہیں۔

کوکو میلون کی ویڈیوز میں بچوں، بڑوں اور جانوروں کو دکھایا جاتا ہے جو روزمرہ کی زندگی میں ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت کرتے ہیں۔

4 سیٹ انڈیا

سیٹ انڈیا، انڈیا سے تعلق رکھنے والے سونی انٹرٹینمنٹ کا یوٹیوب چینل ہے جس کے 176 ملین سبسکرائبرز ہیں۔ یہ ٹی وی چینل 1995 میں لانچ کیا گیا تھا جس کے تحت انٹرٹینمنٹ ڈرامے اور ٹیلی فلمیں نشر کی جاتی ہیں۔

سیٹ انڈیا پر ہی امریکی شوز بگ برادر سے بگ باس اور فیئر فیکٹر جیسے شوز نشر کیے گئے تھے۔ اس کے علاوہ سونی ساب، سونی پال، سونی کال، سونی لائیو بھی سونی ٹی وی کے چینلز ہیں۔

5 کڈز ڈیانا شو

کڈز ڈیانا شو ایک یوکرینی امریکن چینل ہے جس پر 124 ملین سبسکرائبرز ہیں۔ یوا ڈیانا ایک یوکرینی لڑکی ہے جس کی پیدائش 2014 میں ہوئی تھی۔

یوا ڈیانا اپنے بھائی روما کے ساتھ مل کر بچوں سے متعلق ویڈیوز بناتی ہیں۔

ان کی ویڈیوز انگریزی میں ہوتی ہیں اور ان ویڈیوز میں وہ بعض اوقات اپنے والدین کے ساتھ بھی نمودار ہوتی ہیں۔

6 ولیڈ اینڈ نکی

ولیڈ اینڈ نکی نامی چینل روس سے تعلق رکھنے والے امریکا میں پیدا ہونے والے ولیڈ اور نکی کی جانب سے چلایا جاتا ہے۔

ولیڈ اینڈ نکی کے 123 ملین سبسکرائبرز ہیں اور یہ انٹرٹینمنٹ کا مواد اپلوڈ  کرتے ہیں جبکہ اس کے علاوہ بھی ان کے مختلف زبانوں میں 21 چینلز ہیں۔

ان بچوں کا دنیا کا چھٹا سب سے زیادہ سبسکرائبرز والا چینل ہے۔

7 لائیک ناستیہ

لائیک ناستیہ روس سے تعلق رکھنے والی یوٹیوبر ہیں جن کی پیدائش 27 جنوری 2014 کو ہوئی تھی اور اس وقت ان کی عمر لگ بھگ 10 سال ہے۔

لائیک ناستیہ کے کنٹینٹ میں دیگر چیزوں کے علاوہ بچوں کے گانے، تعلیمی تفریح، کھلونوں کی ان باکسنگ، ڈیلی ولاگنگ اور رول پلے ویڈیوز شامل ہیں۔

یوٹیوب پر اس وقت لائیک ناستیہ کے 119 ملین سبسکرائبرز ہیں۔

اس کے لائیک ناستیہ کے چینل کی ویڈیوز انگریزی، جرمن، عربی، بنگلہ، فرانسیسی، پرتگالی، ہندی، ہسپانوی، کورین، ویتنامی اور انڈونیشی زبانوں میں ڈب کر کے بھی اپلوڈ کی جاتی ہیں۔ 

8 پیو ڈی پائی 

پیو ڈی پائی ایک انٹرٹینمنٹ چینل ہے جس کے 111 ملین سبسکرائبرز ہیں۔ پیوڈی پائی سویڈن سے تعلق رکھنے والے ایک یوٹیوبر ہیں جو اپنی مزاحیہ ویڈیوز کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔

پیوڈی پائی کا اصل نام ’فلکس آروڈ یلف کجل برک‘ ہے اور انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل کی شروعات 2010 میں کی تھی۔

پیو ڈی پائی 2012 اور 2013 میں تیزی سے سبسکرائبرز حاصل کرنے والا چینل تھا اور 2013 میں یوٹیوب پر یہ سب سے زیادہ سبسکرائبرز والا چینل تھا۔

سن 2019 میں انڈین چینل ٹی سیریز کے ساتھ سبسکرائبرز کے ایک عوامی مقابلے میں پیوڈی پائی سے سب سے زیاددہ سبسکرائبرز رکھنے کا اعزاز چھن گیا تھا۔

9 زی میوزک کمپنی

زی میوزک کمپنی انڈیا سے تعلق رکھنے والی میوزک کمپنی کا چینل ہے جس کے 109 ملین سبسکرائبرز ہیں۔

زی میوزک کمپنی انڈیا سے تعلق رکھنے والی موسیقی اور انٹرٹینمنٹ کی کمپنی ہے جسے 2014 میں قائم کیا گیا تھا۔

زی میوزک کمپنی کے یوٹیوب چینل پر زی میوزک کمپنی کے بینر تلے بننے والی فلموں کے ٹریلر، گانے اور ان کے متعلقہ ویڈیوز پوسٹ کی جاتی ہیں۔ زی میوزک کمپنی پر اس وقت 68 اشاریہ تین بلین سے زائد ویوز ہیں۔

10 ڈبلیو ڈبلیو ای

ڈبلیو ڈبلیو ای یوٹیوب چینل ڈبلیو ڈبلیو ای( ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ) کا ایک سپورٹس کا چینل ہے۔

اس پر ڈبلیو ڈبلیو ای چینل کی طرف سے ریسلنگ اور اس کے متعلق مواد اپلوڈ کیا جاتا ہے۔

ڈبلیو ڈبلیو ای کے اس وقت 104 ملین سبسکرائبرز ہیں اور یہ یوٹیوب پر 10ویں نمبر کا سب سے زائد سبسکرائبرز کا حامل چینل ہے۔

Watch Live Public News