ویب ڈیسک: رحیم یار خان میں ملزم عبدالجبار لولائی کی عدالت سے رہائی کو پولیس کانسٹیبل احمد نواز کی بازیابی سے منسلک کرکے غلط اور بے بنیاد جھوٹی خبر پھیلانے کے معاملے پر پولیس کا ردعمل آگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او رضوان عمر گوندل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پولیس نے کچہ میں کامیاب کارروائی کے ذریعے کانسٹیبل احمد نواز کو بحفاظت بازیاب کروایا۔ پولیس کچہ میں اپنے ٹارگٹس کے حصول کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
ڈی پی او کا کہنا تھا کہ ملزم عبدالجبار لولائی تھانہ بھونگ کے مقدمہ نمبر 268/21 بجرم 302 میں مقید جیل تھا۔ عدالت سے ملزم عبدالجبار لولائی کو مورخہ 01/02/23 کو عمر قید کی سزا سنائی گئی۔ ملزم کی بہاولپور ہائیکورٹ نے 23/05/24 کو اپیل منظور کی۔
ڈی پی او رضوان عمر گوندل کا کہنا تھا کہ ملزم عبدالجبار کو ایڈیشنل سیشن جج نے 27/06/24 کو رہائی کا روب کار جاری کیا۔ ملزم عبدالجبار تھانہ بھونگ و کوٹسبزل کے مقدمات نمبری 387/21 اور 649/21 میں بھی چالان جیل تھا۔ ملزم عبدالجبار مذکورہ بالا مقدمات میں عدالت سے برضمانت رہا ہوا۔
رضوان عمر گوندل نے واضح کیا کہ حالات بالا سے ثابت ہے کہ ملزم عبدالجبار کی عدالت سے رہائی کا کانسٹیبل احمد نواز کی بازیابی سے کوئی تعلق نہ ہے۔ ملزم پولیس حراست میں نہ تھا۔ مقید جیل ملزم کی عدالت سے رہائی کو پولیس کامیابی سے جوڑنا سراسر غلط اور بے بنیاد ہے۔
لہذا ایسے مکروہ پروپیگنڈہ پھیلانے والے عناصر حقائق کے منافی خبریں پھیلا کر عواالناس کو گمراہ نہ کریں۔