ویب ڈیسک: سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ 92 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر منموہن سنگھ بھارت کے 13ویں وزیر اعظم تھے، وہ 26 ستمبر 1932 کو بھارت کے شہر گوالیار میں پیدا ہوئے تھے اور 2004 سے 2014 تک بھارت کے وزیر اعظم کے طور پر خدمات انجام دیں،انہوں نے اپنے طویل سیاسی کیریئر میں بھارت کو عالمی سطح پر اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔
ان کی قیادت میں بھارت نے 1991 کی اقتصادی اصلاحات کے دوران اہم تبدیلیاں کیں، جس کے بعد ملک کی معیشت نے تیز ترقی کی،ان کے زیر قیادت بھارت نے کئی بین الاقوامی اقتصادی معاہدے کیے اور عالمی سطح پر بھارت کا اثر و رسوخ بڑھایا۔
ڈاکٹر منموہن سنگھ کو ان کی تعلیمی صلاحیتوں، دیانتداری اور نرم مزاجی کے لیے جانا جاتا ہے, انہوں نے سیاست میں آنے سے پہلے ایک ماہر معیشت کے طور پر عالمی اداروں میں بھی خدمات انجام دیں۔
ان کے انتقال کی خبر پورے بھارت میں غم کی لہر دوڑا گئی ہے اور مختلف سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
7روزہ سوگ،سرکاری اعزاز کیساتھ آخری رسومات کا اعلان:
بھارت نے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کے انتقال پر 7 روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کردیا جب کہ ان کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 2004 سے 2014 تک وزیر اعظم رہنے والے 92 منموہن سنگھ گزشتہ روز نئی دہلی کے ایک ہسپتال میں انتقال کر گئے، ان کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔حکومت کیجانب سے 7 روزہ سوگ کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
بھارتی حکومت نے ایک بیان میں کہا کہ منمومن سنگھ کے احترام کے طور پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پورے بھارت میں 7 روزہ سرکاری سوگ منایا جائے گا، سوگ یکم جنوری تک جاری رہے گا۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ اس کے علاوہ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کی آخری رسومات ریاستی اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی، ملک بھر کی سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
دوسری جانب بھارت کی کرکٹ ٹیم چوتھے ٹیسٹ میں میزبان آسٹریلیا کے خلاف منموہن سنگھ کے احترام میں بازو پر سیاہ پٹی باندھ کر میلبورن کے میدان میں اتری۔
حکومت کی جانب سے ریاستی سطح پر آخری رسومات کی تاریخ کا فوری طور پر اعلان نہیں کیا گیا لیکن کانگریس پارٹی کے ایک سینئر رکن نے تجویز کیا یہ ہفتے کو ادا کی جائیں گی۔