جام پور: این اے 193 کے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف نے میدان مارلیا ہے۔ غیر حتمی وغیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے محسن لغاری 90ہزار392ووٹ لےکرکامیاب رہے ۔ مسلم لیگ ن کے عمارلغاری 55218 ووٹ لیکردوسرے نمبرپرہیں جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے اخترحسن 20074 ووٹ لیکرتیسرےنمبرپر رہے ۔ جام پور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 193 میں ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بلاتعطل شام 5 بجے تک جاری رہی، ضمنی انتخاب میں3 لاکھ 79 ہزار 204 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے تھے۔ پی ٹی آئی کے محسن لغاری اور ن لیگ کے عمار لغاری کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا، پیپلزپارٹی کے اختر حسن گورچانی بھی میدان میں تھے۔ حلقے میں مجموعی طور پر237 پولنگ اسٹیشن قائم کئےگئے تھے جن میں سے 68 کو حساس قرار دیا گیا ہے ۔ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کےلئے 2 ہزار 650 پولیس اہلکار تعینات ہیں، رینجرز اور آرمی کے جوان بھی گشت پر مامور ہیں ۔ خیال رہے کہ یہ نشست تحریک انصاف کے سردار جعفر لغاری کے انتقال کےباعث خالی ہوئی تھی ۔