ماں آپکاشکریہ،اپوزیشن کیلئےدل اور دفتر کےدروازےکھلےہیں،مریم نواز

ماں آپکاشکریہ،اپوزیشن کیلئےدل اور دفتر کےدروازےکھلےہیں،مریم نواز
کیپشن: ماں آپکاشکریہ،اپوزیشن کیلئےدل اور دفتر کےدروازےکھلےہیں،مریم نواز

ویب ڈیسک: نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ میرے دفتر اور میرے دل کے دروازے اپوزیشن کے لئے 24 گھنٹے کھلے ہیں، پنجاب کو اکنامک حب بنانا میرا ویژن، سیاسی تفریق سے بالاتر ہو کر میرے ہاتھ مضبوط کریں۔

تفصیلا ت کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہونے کے بعد مریم نواز کا اپنے پہلے خطاب میں کہنا تھا کہ سب سے پہلے میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہوں، میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کو منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتی ہوں اور امید کرتی ہوں کہ آپکی قیادت میں ایوان جمہوری پرچم کو سربلند رکھے گا۔

نو منتخب وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ مجھے افسوس ہے کہ اپوزیشن اراکین یہاں نہیں ہیں، میرا دل تھا وہ ہوتے، جمہوری کارکن ہیں، ہم سجمھتے ہیں کہ سیاست میں مقابلہ کرنا کتنا ضروری ہے، ہمارے پر بھی بہت مشکل وقت آئے، ہر چیز ہمارے خلاف تھی، ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا گیا، لیکن شکر ہے کہ ہم نے کبھی میدان خالی نہیں چھوڑا۔

مریم نواز نے کہا کہ آج اپوزیشن موجود ہوتی تو میری تقریر کے دوران شور شرابا کرتی تو میں خوشی محسوس کرتی۔

انہوں نے کہا کہ میں ان سب کی بھی وزیر اعلیٰ ہوں جنہوں نے مجھے ووٹ دیا اور میں ان کی بھی وزیر اعلیٰ، بیٹی اور بہن ہوں جنہوں نے مجھے ووٹ نہیں دیا، میرے دفتر کے دروازے اور میرے دل کے دروازے جیسے میری پارٹی کے لوگوں کے کھلاے ہیں ویسے ہی اپوزیشن کے لئے بھی 24 گھنٹے کھلے ہیں۔

اتحادی جماعتوں کا شکریہ

انہوں نے کہا کہ میں اپنی اتحادی جماعتوں پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی ) ، استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی ) ، مسلم لیگ ق اور مسلم لیگ ضیا کے ارکان کا شکریہ ادا کرتی ہوں، آپ سب کے لئے میرے دل کے دروزاے کھلے ہیں۔

پنجاب کے عوام کا شکریہ

نومنتخب وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ میں پنجاب کے عوام کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے اس مقام پر پہنچانے کے لئے مجھے ووٹ دیا، میرا یہاں موجود ہونا اس سیاسی کارکن کی خدمات کا اعتراف ہے جو مشکلات برداشت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ایک تاریخ بنی ہے، مجھے آپ مائنس بھی کردیں لیکن یہ ہر پاکستان کی ہر بیٹی کا اعزاز ہے کہ آج کرسی پر پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ کھڑی ہے، میری دعا ہے کہ میرے بعد بھی یہی سلسلہ چلتا رہے۔

مخالفین کا شکریہ اور پیغام

مریم نواز نے کہا کہ میں کہنا چاہتی ہوں کہ میرے دل میں کسی کے لئے کوئی انتقام کا جذبہ ہے نہ اور نہ ہی کوئی بدلے کا جذبہ ہے، اگر سچ پوچھیں تو میں اللہ کو گواہ بنا کر کہنا چاہتی ہوں کہ میں اپنے مخالفین کی جنہوں نے مجھے ظلم کا نشانہ بنایا میں تہہ دل سے ان کی شکر گزار ہوں، میرے مخالفین نے مجھ پر بڑا احسان کیا، کیونکہ انہوں نے مجھے جدوجہد سے گزارا ہے، ایسی ٹریننگ سے گزارا ہے جس کا کوئی نعم البدل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج میں جس مقام پر کھڑی ہوں اس میں میرے مخالفین کا بہت عمل دخل ہے اس لئے میں دل سے ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔

والدہ کا ذکر

انہوں نے کہا کہ یہاں بہت بڑی تعداد میں خواتین موجود ہیں ، آج ایک تاریخ بن رہی ہے، آج ہر ماں، بیٹی کی فتح ہے، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ عورت ہونا آپ کے خوابوں کی تعبیر میں رکاوٹ نہیں بن سکتا، میں اپنی مرحوم والدہ کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کیونکہ انہوں نے مجھے ایسے حالات کے لئے تیار کیا جن کا شاید اندازہ نہیں تھا مجھے ان سے بھی گزرنا پڑے گا۔

عوام کی بلاتفریق خدمت کروں گی

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ساڑھے 12 کروڑ عوام کی بلاتفریق خدمت کروں گی، میرا مقابلہ کسی مخالف سے نہیں ، کارکردگی کے ساتھ ہے، حکومت کا کام کاروبار کرنے والوں کو ماحول فراہم کرنا ہے، حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں ، پالیسی بنانا ہے، میرا وژن ہے پنجاب کو اکنامک حب بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل سامنے رکھتے ہوئے ایجنڈا ترتیب دیا ہے، کل سے نہیں آج سے منشور پر عملدرآمد شروع ہوگا، سیاسی تفریق سے بالاتر ہو کر میرے ہاتھ مضبوط کریں، میرا مقابلہ اپنی ہی جماعت کے بڑوں کی کارکردگی سے ہے، میرا مقابلہ کسی مخالف سے نہیں ہے۔

Watch Live Public News