سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما عمر اسلم کو انتخابات لڑنے کی اجازت دیدی

سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما عمر اسلم کو انتخابات لڑنے کی اجازت دیدی

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے فیصلے میں  کہا ہے کہ  مفرور ہونے کی بنیاد پر کسی کو انتخابات لڑنے سے نہیں روکا جا سکتا۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے رہنما عمر اسلم کو انتخابات لڑنے کی اجازت دے دی ۔ سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ   الیکشن لڑنا بنیادی حق ہے ، مفرور ہونے کی بنیاد پر کسی کو انتخابات لڑنے سے نہیں روکا جا سکتا ۔

خیال رہے کہ  عمر اسلم کے نومئی کے مقدمات میں مفرور ہونے کی بنیاد پر کاغزات نامزدگی مسترد کئے گئے تھے۔

دوران سماعت جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ  مفرور شخص الیکشن نہیں لڑ سکتا بتا دیں کہاں لکھا ہے ۔جسٹس اطہر من اللہ نے ریماکس دیے کہ   الیکشن کون لڑے گا کون نہیں فیصلہ عوام نے کرنا ہے الیکشن کمیشن نے نہیں،  ملک کی عوام کو فیصلہ کرنے دیں۔

 جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا ہے کہ  ہماری سامنے آنے والے در خواست گزار کی اہمیت نہیں ہے ،  عوام کے حقوق متاثر ہو رہے ہیں،  احتساب عوام نے کرنا ہے الیکشن کمیشن نے نہیں۔

مخالف فریق کے وکیل نے کہا کہ  عمر اسلم سکروٹنی کے وقت بھی موجود نہیں تھے  ۔ وکیل الیکشن کمیشن نے بتایا کہ  بیلٹ پیپرز کاکام مکمل ہو چکا ہے۔اس پر جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ  عدالتی فیصلے  پر عمل کرنا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما  عمر اسلم این اے 87 خوشاب سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

Watch Live Public News