افغان نیشنل آرمی پاک فوج کے پاس پناہ کیلئے پہنچ گئی

افغان نیشنل آرمی پاک فوج کے پاس پناہ کیلئے پہنچ گئی
اروندو سیکٹر چترال( پبلک نیوز ) جب وطن عزیز کے دفاع کی ضرورت پڑے تو پاک افواج سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جاتی ہیں مگر اسلام کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے جب دشمن کو چاروں شانے چت کر دیا جاتا ہے تو پھر انہیں چائے پلا کر اپنی امن دوستی کا ثبوت بھی دیا جاتا ہے ایسی ہے ایک مثال پاک افغان بارڈر پر پیش آئی جب طالبان کا مقابلہ کرتی افغان آرمی کیلئے اپنی چوکیوں پر قبضہ رکھنا برقرار نہ رہا تو انہوں نے پاک فوج نے مدد طلب کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک افغان بھائی چارہ کی ایک شاندار مثال اس وقت قائم ہوئی جب افغان نیشنل آرمی کیلئے ممکن نہ رہا کہ وہ اپنی چوکیوں پر قبضہ برقرار رکھ سکیں، وہ بھوک سے نڈھال اور تھکن سے چور تھے ، 5 افسروں سمیت فوجیوں اور بارڈر پولیس کے 46 جوانوں نے پاک فوج سے پناہ کی درخواست کی تو امن و بھائی چارہ کی تاریخی مثال قائم کرتے ہوئے عسکری روایات کے مطابق کھانا،پناہ اور ضروری طبی امداد فراہم کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اروندو سیکٹر چترال کے بالمقابل سیکٹر میں افغان نیشنل آرمی کے مقامی کمانڈر نے پاک فوج سے پناہ اور محفوظ راستے کی درخواست کی ، تمام افغان سپاہیوں کو قانونی کارروائی کے بعد باعزت انداز میں افغان حکام کے حوالے کیا جائے گا۔ افغان کمانڈر نے بتایا کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال میں پاک افغان سرحد پر چوکیاں برقرار نہیں رکھ سکتے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل یکم جولائی کو بھی 35 افغان فوجیوں نے پاکستان سے پناہ اور محفوظ راستے کی درخواست کی تھی،ان افغان فوجیوں کو ضروری کارروائی کے بعد محفوظ راستہ دیتے ہوئے افغان حکومت کے حوالے کیا گیا تھا۔

Watch Live Public News