اسلام آباد ( پبلک نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے پی ٹی آئی کو تاریخی کامیابی دلائی۔ آزاد کشمیر انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی شرح 70 فیصد سے زائد رہی۔ آزاد کشمیر کے عوام کے تہہ دل سے شکرگزارہیں۔ وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تاریخی شکست پر بلاول بھٹو اور مریم نواز کو پارٹی عہدوں سے استعفے دینے چاہییں۔ مسلم لیگ ن کے کیمپ سے بھارت سے مدد کے حوالے سے شرمناک گفتگوکی گئی۔ انھوں نے کہا کہ مریم نواز کے بیانیے کو آزاد کشمیر کے عوام نے بری طرح مسترد کیا۔ نواز شریف کی لند ن میں پاکستان مخالف حمد اللہ محب سے ملاقات کو کشمیریوں نے مسترد کردیا۔ پاکستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام نے خاندانی سیاست کو مستردکردیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 2023کے انتخابات میں سندھ سے بھی پیپلزپارٹی کا صفایا ہوگا۔ آزاد کشمیر کے عوام نے وزیراعظم عمران خان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام میں بھی وزیراعظم عمران خان بے حد مقبول ہیں۔ مریم نواز اور بلاول نے پوری انتخابی مہم میں گالم گلوچ اور قومی اداروں پر تنقید کے سوا کچھ نہیں کیا۔ آزاد کشمیر کی کامیاب انتخابی مہم پر علی امین گنڈاپور کو مبارکباد دیتے ہیں۔ آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کے الزامات ’’کھسیانی بلی کھمبا نوچے‘‘ کے مترادف ہیں۔ پھر مطالبہ کرتےہیں کہ نوازشریف اور پاکستان مخالف حمد اللہ محب کی ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے۔ پاکستان کا واضح مؤقف ہے کہ بھارت 5 اگست کے اقدامات واپس لے۔ وزیراعظم عمران خان 5 اگست کو آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے سیشن سے خطاب کریں گے۔