اولمپکس افتتاحی تقریب خطرے میں، چند گھنٹے قبل بڑا حملہ، لاکھوں افراد متاثر

اولمپکس افتتاحی تقریب خطرے میں، چند گھنٹے قبل بڑا حملہ، لاکھوں افراد متاثر
کیپشن: اولمپکس افتتاحی تقریب خطرے میں، چند گھنٹے قبل بڑا حملہ، لاکھوں افراد متاثر

ویب ڈیسک: (علی زیدی) پیرس اولمپکس 2024 کی افتتاحی تقریب آج پیرس میں ہونے جارہی ہے۔ تاہم صرف چند گھنٹے قبل ہائی اسپیڈ ٹرین نیٹ ورک پر مبینہ روسی مداخلت سےبڑے حملے کی اطلاعات نے افتتاحی تقریب کو کھٹائی  میں ڈال دیا ہے۔  

تفصیلات کے مطابق پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب سے چند گھنٹے پہلے ہائی اسپیڈ ٹرین نیٹ ورک پر حملہ ہوا ہے۔ ریلوے اسٹیشن پر توڑ پھوڑ اور آگ لگائی گئی جس سے ریلوے کا نظام مفلوج ہوگیا۔ 

فرانسیسی ریل کمپنی کے حکام کا کہنا ہے کہ حملوں کا مقصد ٹرین نظام کو مفلوج کرنا تھا۔ نیٹ ورک مفلوج کرنے کے لیے بڑے پیمانے کا حملہ کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ٹرینوں کی بڑی تعداد کو منسوخ کردیا گیا ہے جبکہ کئی ٹرینوں کو متبادل روٹس فراہم کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب خدشات بڑھ رہے ہیں کہ پیرس میں ٹرین حملے کے پیچھے روس کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔ جس نے اولمپکس کی افتتاحی تقریب سے قبل فرانس کے ریل نیٹ ورک میں افراتفری پھیلا دی ہے۔

دریائے سین پر عظیم الشان افتتاحی تقریب سے صرف چند گھنٹے قبل اہم تنصیبات پر آگ لگنے سے ٹرینیں رک گئیں۔ جس سے لگ بھگ 8 لاکھ مسافر متاثر ہوئے ہیں۔ ان میں کھلاڑیوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔ 

اگرچہ ذمہ داری کا کوئی دعویٰ نہیں کیا گیا ہے اور فرانسیسی حکام نے ابھی تک مشتبہ افراد کے نام نہیں بتائے ہیں، ماہرین نے تخریب کاری کی کارروائیوں اور ان کی قومی ٹیم کو کھیلوں سے خارج کیے جانے پر روسی غصے کے درمیان تعلق کا عندیہ دیا ہے۔

سیکیورٹی تجزیہ کار الیکس کوکچاروف نے میل آن لائن کو بتایا: ' روس کے پاس یورپ، خاص طور پر فرانس میں تخریب کاری کی کارروائیوں کی کوشش کرنے کا ارادہ اور صلاحیت دونوں موجود ہیں۔ روس کا ارادہ بڑی حد تک اس حقیقت سے جڑا ہوا ہے کہ روس کو اولمپک گیمز میں مدعو نہیں کیا گیا تھا۔'

یہ بدھ کو ایک مبینہ روسی جاسوس کی گرفتاری کے بعد سامنے آیا ہے۔ ولادیمیر پوتن کی ملکی انٹیلی جنس ایجنسی FSB کے لیے کام کرنے کے طور پر شناخت کیے جانے کے بعد کرِل گریزنوف پر 'فرانس میں دشمنی کی کوشش اور بھڑکانے کے لیے غیر ملکی طاقت کے ساتھ کام کرنے' کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

یوروسٹار نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ لندن اور پیرس کے درمیان ریل خدمات میں خلل کی وجہ سے سفر سے پرہیز کی جائے۔ دوسری جانب بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق متعدد ٹرینیں منسوخ اور دیگر کا رخ موڑ دیا گیا ہے۔

دریں اثناء سوئس فرانس کی سرحد پر واقع ایک ہوائی اڈے کو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر خالی کرا لیا گیا ہے۔ باسل-مل ہاؤس یورو ایئرپورٹ نے اپنی ویب سائٹ پر کہا، 'حفاظتی وجوہات کی بنا پر، ٹرمینل کو خالی کرنا پڑا اور فی الحال بند ہے۔

واضح رہے کہ 2024 کے اولمپک گیمز کی رنگارنگ افتتاحی تقریب آج سے فرانس کے شہر پیرس میں شروع ہورہی ہے، اس میگا ایونٹ میں 206 ممالک سے 10 ہزار 500 ایتھلیٹس حصہ لیں گے۔ 

اولمپکس کی افتتاحی تقریب جمعہ 26 جولائی کو مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجکر 30 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے دس بجے) ہے۔ پیرس تین بار اولمپکس کی میزبانی کرنے والا دوسرا شہر بننے کا اعزاز بھی اپنے نام کرنے جارہا ہے۔

Watch Live Public News