سندھ بلدیاتی انتخابات میں کئی مقامات پر تصادم

سندھ بلدیاتی انتخابات میں کئی مقامات پر تصادم
سندھ میں جاری بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں متعد مقامات پر صورتحال کافی کشیدہ رہی جب کہ کندھ کوٹ میں پولنگ عملے کو اغوا بھی کرلیا گیا۔ پریزائیڈنگ آفیسر کا کہنا ہے کہ نواب شاہ میں سوشل سکیورٹی پولنگ اسٹیشن پرمشتعل افرادنے توڑپھوڑ کی اور مسلح افراد نے عملے کو یرغمال بنالیا ،الیکشن کاسامان لےکرفرارہوگئے۔ ریجنل الیکشن کمشنرنوید عزیز نے بتایا کہ واقعےپرایس ایس پی کو تحریری طور پر آگاہ کیا جا چکا ہے۔ ایس ایس پی سعود مگسی کے مطابق ملزمان کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے اور واقعے کا مقدمہ 15 نامعلوم افراد کے خلاف درج بھی کرلیا گیا ہے۔ دوسری طرف موروکی یوسی ڈیپارچہ کےمنگو خان ڈھرپولنگ اسٹیشن میں بھی تصادم ہوا اور نوشہرو فیروز میں پولنگ کے دوران تصادم ہوا، جس میں مخالفین نے ایک دوسرے پر لاٹھیاں برسائیں جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے جب کہ پولنگ کا عمل روک دیا گیا اس کے علاوہ یہاں پولنگ کے عملے کے 7 افراد کو اغوا کر لیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے بے نظیر آباد میں تین پولنگ اسٹیشنز پر الیکشن مٹیریل چھینے جانے کا نوٹس لیا اور ڈپٹی کمشنرز اور ڈی آر او ز کو فوری کارروائی کی ہدایت بھی کردی ہے۔ ادھر کندھ کوٹ میں جے یو آئی کے میونسپل کمیٹی کے امیدوار شوکت ملک کی گاڑی پر مخالفین نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں مخالفین نے ان کی گاڑی پر ڈنڈے برسائے کہ جس سے گاڑی کی ونڈ اسکرین ٹوٹ گئی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔