سیاستدان، انتظامیہ اور پولیس ملکر ملک کو مشکل سے نکالیں، نوازشریف

سیاستدان، انتظامیہ اور پولیس ملکر ملک کو مشکل سے نکالیں، نوازشریف
کیپشن: Politicians, administration and police take out Milkar Malik, Nawaz Sharif

ویب ڈیسک: سابق وزیراعظم اور قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف سے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کو دوبارہ اپنے  مقام پر لائیں گے، ایک دو سال مشکل سہی لیکن آسودگی کا وقت ضرور آئے گا۔ سیاستدان، انتظامیہ اور پولیس سب ملکر ملک کو مشکل سے نکالیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف سے فیصل آباد ڈویژن کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی ہے۔ ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو حلقے کے مسائل اور عوام کی ضروریات سے آگاہ کیا۔ 

ارکان اسمبلی نے متعلقہ حلقوں میں ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ارکان اسمبلی نے رمضان نگہبان پیکج کی کامیابی سے تکمیل کے مراحل طے کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نوازشریف اور قائد محمد نواز شریف  کو مبارکباد دی۔ ارکان اسمبلی نے صاف ستھرا پنجاب اوردیگر اختراعی پراجیکٹس پر وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ سب مل جل کے پاکستان کو دوبارہ اپنے مقام پر لائیں گے۔ ہماری حکومت کو نہ ہٹایا جاتا تو پاکستان ترقی کی بلندیوں پر ہوتا۔ ناجائز قبضہ کرنے والوں نے اس ملک کے ساتھ جوکیا،سب نے دیکھا۔ مسلم لیگ ہی نہیں پاکستان کے ساتھ زیادتی ہوئی۔ 

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کو اب اپنی سیاسی میراث حاصل کرنی ہے۔

ایک دو سال مشکل سہی لیکن آسودگی کاوقت ضرور آئے گا۔ سیاستدان، انتظامیہ اور پولیس سمیت سب کو ملکر ملک کو مشکل سے نکالنا ہوگا۔ آپ کی سی ایم آپ کے ساتھ ہے ملکر صوبے اور ملک کے لئے کام کریں۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ ایسا اندوہناک واقعہ دیکھا نہ سنا۔ خوبصورت نوجوان کے جاں بحق ہونے کا بہت دکھ ہے۔ 

ارکان اسمبلی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف توقعات سے تیزرفتاری سے کام کررہی ہیں۔ مریم نوازشریف سے عوام کی بہت امیدیں وابستہ ہیں۔ 

مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں آج قائد محمد نواز شریف کے ساتھ آئی ہوں۔ ڈور پھرنے والا واقعہ بہت تکلیف دہ ہے۔ بچے کے ساتھ ظلم ہوا، واقعہ نظر انداز نہیں کرسکتے۔ ہمارا اجتماعی شعور شاید ان واقعات کا عادی ہوچکا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ورکروں کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے قانون لارہے ہیں۔ عمل بھی کرائیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ فیصل آباد میں سو سپیڈو بسیں بھی لا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ میٹرو بس بھی لارہے ہیں جبکہ کم آمدن والے ایک لاکھ گھروں میں فیصل آباد بھی شامل ہے۔

وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت عوام کی حکومت ہے۔ صوبہ بھر کے دیہی اوربنیادی مراکز صحت کو6ماہ کے اندر ری ویمپ کیا جائے گا۔ پنجاب بھر میں ٰ600روڈز کی تعمیر ومرمت،5ایکسپریس وے اور3موٹرویز بنائیں گے۔ صوبہ بھر میں 100فیصد فری ادویات اور ہوم ڈلیوری جلد شروع کردی جائے گی۔ 36اضلاع میں سالڈ ویسٹ کولیکشن کا جامع نظام لارہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب بھر میں 48لاکھ سے زیادہ رمضان نگہبان پیکیج تقسیم ہوچکے ہیں۔ طلبہ اور طالبات کو20 ہزار موٹر بائیکس دیں گے، ہر ضلع میں 3 ہزار بائیک دی جائیں گی۔  طلبہ کو لیپ ٹاپ اور آئی پیڈز بھی دیے جائیں گے۔ دیہات سمیت تمام 36 اضلاع میں پی پی موڈ پر ویسٹ مینجمنٹ کا نظام آئندہ 3 ماہ میں قائم کرنے کا ٹارگٹ دیا ہے۔ 

مریم نواز کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا چوتھا اجلاس: 

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا چوتھا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں گندم خریداری اور دیگر امور پر پالیسی سازی کے لئے وزارتی کیمٹی قائم کردی گئی۔ صوبائی وزیر خوراک سربراہ، وزیر خزانہ، زراعت اور اطلاعات ممبر ہوں گے۔ گندم سے متعلق امور پر ارکان اسمبلی سے مشاورت کرنے پر اتفاق کرلیا گیا۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اجناس کی ضروریات کا تعین کرکے کاشت کا فیصلہ کرنا ضروری ہے۔ فصل کی ضرورت کا پیشگی تعین کرنے کے لئے اے آئی اور دیگر ٹیکنالوجی استعمال کی جائے۔ 

مریم نواز نے پتنگ کی دھاتی تار سے بچاؤ کے لئے بائیک پر سیفٹی گارڈ لگانے کی باقاعدہ مہم شروع کرنے کا مطالبہ کردیا۔ مسیحی ورکروں کی ہلاکت پر افسوس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غریب کی جان جائے تو محض خبر بنتی ہے۔ سینٹری ورکروں کی جانوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے مؤثر قانون سازی کی جائے گی۔ 

مسیحی ملازمین کےلئے ایسٹر پر چھٹی کی تجویز پر اتفاق کرلیا گیا۔ نقل روکنے کے لئےامتحانی مراکز میں کیمرے اور آرٹیفشل ٹیکنالوجی سے کام لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے وزراء، ڈی سی اور دیگر حکام کو چیکنگ کی ہدایت کردی۔

 وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے وزراء اور ارکان اسمبلی کو قانون کی پاسداری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ اے ایس پی سیدہ شہر بانو نقوی، ایس ڈی پی او گلبرگ، لاہور کو قائداعظم پولیس میڈل دینے کی سفارش وفاق کو بھیجنے کی منظوری دے دی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اچھا کام کرنے والے پولیس افسروں کی حوصلہ افزائی ضروری امر ہے۔ 

دوران اجلاس ڈیلر وہیکل رجسٹریشن سسٹم (DVRS) ایکسائز، ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دیدی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے جامع کنٹریکٹ پالیسی تیار کرنے کی ہدایت کردی۔ 

موٹر ٹرانسپورٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم، ایکسائز، ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ  کےملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی گئی۔ کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے گندم اورمحکمہ خوراک کی کموڈٹی فنانسنگ کمیٹی کی تشکیل نو کی منظوری دیدی گئی۔