ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے آج 8 دسمبر سے لاہور سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج 8 دسمبر سے ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی لہر متوقع ہے، اسلام آباد اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، لاہور، فیصل آباد میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے۔
مری، گلیات اور گر دو نواح میں ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری کی پیشگوئی ہے جبکہ چترال، دیر، سوات اور مالاکنڈ، میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہنے کا امکان ہے جبکہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد رہے گا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 10 اور اسکردو میں منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح مری میں ایک، اسلام آباد اور پشاور میں 3، مظفر آباد میں 4، لاہور میں 8، فیصل آباد میں 7، گوادر میں 12 اور کراچی میں درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج اور کل ہلکی بارش برسنے کا امکان ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔
لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 7 ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ 17 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، شہر لاہور میں ہوا کی رفتار 14 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد تک جانے کا امکان ہے۔
ادھر سردی میں اضافے سے سموگ کی شرح میں بھی نمایاں کمی ہو گئی، فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور پاکستان میں آج پھر دوسرے نمبر پر آگیا، شہر میں اسموگ کی اوسط شرح 190 تک جا پہنچی۔