ویب ڈیسک: عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی خام تیل کی قیمت میں 5.28 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت 74.25 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔ دوسری جانب برطانوی خام تیل کی قیمت میں بھی 4.5 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور برطانوی خام تیل کی قیمت 78.51 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گئی۔
ایک ماہ قبل برطانوی خام تیل کی قیمت 86.40 ڈالر فی بیرل کی بلند ترین سطح پر تھی۔ واضح رہے کہ وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق امریکہ نے چین، جاپان، برطانیہ اور جنوبی کوریا کے ساتھ مل کر رواں سال تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث اضافی تیل مارکیٹ میں لانے کا فیصلہ کیا۔ اس وقت عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی فی بیرل قیمت 79.60 ڈالر ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر کی جانب سے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے مہنگا پٹرول خریدنے پر مجبور عوام کو اچھی خبر دی گئی۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اچھی خبر یہ ہے کہ تیل کی عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہوئی ہیں۔ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے امکانات کے حوالے سے حماد اظہر نے کہا کہ کوشش تو یہی ہے کہ قیمتوں میں مزید اضافہ نہ ہو۔ دوسری جانب پیٹرولیم ڈویژن اور پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ مذاکرات کی کامیابی کے بعد پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں ہڑتال ختم کرنے پر اتفاق کرلیا۔ مارجن بڑھانے کی یقین دہانی کے بعد پیٹرولیم ڈیلرز نے ہڑتال ختم کردی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم ڈیلرز کے منافع میں فی لیٹر 99 پیسے کااضافہ متوقع ہے۔ حکام پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق منافع میں99 پیسے یا 25 فیصد اضافہ کرنےکی سمری بھیجی گئی ہے۔
حکومت نے پیٹرولیم ڈیلرز کو ہر 6 ماہ بعد منافع کاجائزہ لینےکایقین دلایا ہے۔ حکام کے مطابق پیٹرولیم ڈیلرزکے منافع میں اضافےکا اطلاق یکم دسمبر سے ہوگا۔