ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری

ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری
اسلام آباد: وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کی تقرری کا نوٹیفکشن جاری کردیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نوٹیفکیشن کا اطلاق 20 نومبر 2021 سے ہوگا اور موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید 19 نومبر تک فرائض انجام دیں گے۔ اس سے قبل وزیر اعظم ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی تھی۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات ہوئی . پی ایم آفس کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق یہ ملاقات آئی ایس آئی میں کمان کی تبدیلی اور نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے انتخاب سے متعلق جاری مشاورتی عمل کا حصہ تھی. ملاقات میں وزارت دفاع کی طرف سے افسروں کی فہرست پیش کی گئی، وزیراعظم عمران خان نے تمام نامزد افسروں کے انٹرویو کئے. نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری سے متعلق وزیراعظم اور آرمی چیف میں حتمی مشاورت آج ہوئی. تفصیلی مشاورتی عمل کے بعد لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کی بطور ڈی جی آئی ایس آئی تقرری کی منظوری دی گئی. نئے ڈی جی آئی ایس آئی 20 نومبر 2021 کو چارج سنبھالیں گے. خیال رہے کہ 6 اکتوبر کو پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے ایک پریس ریلیز جاری کی تھی جس کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو آئی ایس آئی کا نیا سربراہ جبکہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور تعینات کیا گیا۔تاہم وزیراعظم آفس کی جانب سے ان کی تعیناتی کا نوٹی فیکیشن جاری نہیں کیا گیا تھا اس لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قیاس آرائیاں پھیل گئیں اور حکومت کو اس معاملے کی وضاحت کرنا پڑی تھی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔