ویب ڈیسک: آئی ایم ایف نے پاکستان سے معاشی اصلاحات کے نفاذ پر بڑا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اصلاحات کا مستقل نفاذ یقینی بنایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں کے موقعے پر سیکریٹری خزانہ امداد اللہ اور گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد پر مشتمل پاکستانی وفد نے آئی ایم ایف کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر کینجی اوکامورا سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران جن معاملات پر گفتگو ہوئی ان میں نجی شعبے کی ترقی کی رفتار تیز کرنا، آئی ایم ایف کے ززیلیئنس اور سسٹین ایبلٹی فنڈ کے ذریعے پاکستان میں ماحولیاتی استحکام کی تعمیر اور مالیاتی و بیرونی شعبے میں پالیسیوں کا تسلسل شامل ہیں۔
اس دوران پاکستانی وفد نے ٹیکس بنیادوں میں وسعت، صوبائی زرعی آمدنی ٹیکس کی وفاقی ٹیکس سے ہم آہنگی، سبسڈیز میں توازن، حکومتی حجم میں کمی اور توانائی کی قیمتیں کم کرنے کے ذریعے مالیاتی وسائل میں اضافے کی کوششوں کو اپنا موضوع بنایا۔
اس دوران آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان پر معاشی اصلاحات کے مستقل نفاذ پر زور دیا گیا۔ پاکستانی وفد نے حکومت کی مالیاتی استحکام، توانائی، سرکاری اداروں کی اصلاحات، محصولات میں اضافے اور ملک کو ترقی کی جانب لے جانے کی کاوشوں پر روشنی بھی ڈالی۔