کابل ( ویب ڈیسک ) افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت کی طرف سے اعلان کیا گیا ہے کہ افغانستان کی سرزمین کسی دوسرے ملک کیلئے استعمال ہونے کی اجازت نہیں دیں گے،ہمیں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا لیکن ان تمام مشکلات کا مقصد صرف اور صرف افغان عوام کی فلاح و بہبود ہے۔ افغان وزیر خارجہ امیرخان متقی نےکابل میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی ایک قدم بڑھائے گا تو ہم دو قدم آگے بڑھیں گے، نہ کسی سے تصادم چاہتے ہیں اور نہ اس میں پہل کی جائے گی، ابھی ہم پر بہت سے امتحانات آئیں گے لیکن ہم ایسے حالات بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کسی کو بھی ملک چھوڑ کر جانے کی خواہش نہ ہو، ہمیں مشکلات کا سامنا ہے لیکن ان تمام مشکلات کا مقصد صرف افغان عوام کی فلاح و بہبود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پالیسی افغان عوام کو متحد کرنے کی ہے، کسی کو ملک چھوڑنے پر مجبور نہیں کریں گے،افغانستان میں ایک بڑا انقلاب آیا ہے لیکن عوام تک اس کے ثمرات پہنچنے میں تھوڑا وقت لگے گا، ملک کی اقتصادی ترقی تاجروں کے ہاتھ میں ہے، تمام وزرا تاجروں کی پہنچ میں ہیں، رشوت کا بازار پہلے کی طرح گرم نہیں ہے تو یہ تاجروں کیلئے بہترین موقع ہے۔