اسلام آباد ( پبلک نیوز) وزیر اعظم عمران خان سے جہانگیر ترین کے ہم خیال ساتھیوں نے ملاقات کی ٗ گروپ کی طرف سے راجہ ریاض نے موقف پیش کیا ٗ وزیر اعظم کا انصاف کی فراہمی کا وعدہ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے پی ٹی آئی کے رہنمائوں کے ایک وفد نے ملاقات کی جس کی قیادت راجہ ریاض نہ کی جبکہ دیگر ممبران قومی و صوبائی اسمبلی شامل تھے۔ ملاقات کے دوران ہم خیال گروپ کی طرف سے راجہ ریاض نے موقف پیش کیا۔ وزیر اعظم کو جہانگیر ترین کیخلاف کیسز کی تفصیلات بتائی گئیں۔ذرائع نے پبلک نیوز کو بتایا کہ ملاقات کے دوران وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت سے آنے والی ٹیلی فون کالز کے بعد جہانگیر ترین کیخلاف کیسز کا رخ بدلا جاتا ہے ٗ اس حوالے سے وزیر اعظم ایک جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کا اعلان کریں ٗ جس پر وزیر اعظم نے کہا کہ آپ لوگ بھروسہ رکھیں ٗ اس معاملے میں ہر صورت انصاف ہو گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے جوڈیشل کمیشن بنانے کی حامی نہیں بھری ٗ لیکن تفصیل کے ساتھ جہانگیر ترین کیخلاف کیسز کے بارے میں بات سنی ۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ ریاض نے کہا کہ وزیر اعظم نے ہماری باتیں بہت غور سے سنیں ٗ انہیں شہزاد اکبر کے بارے میں بتایا گیا جس پر وزیر اعظم نے کہا کہ آپ کی سب باتیں درست ہیں اور میں اس سارے معاملے کو خود مانیٹر کروں گا۔اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ جہانگیر ترین پی ٹی آئی کے اہم رہنما ہیں لیکن وزیر اعظم نے ملاقات میں واضح طور پر بتایا ہے کہ تحقیقات کا عمل جاری رہے گا ٗ جو پارٹی انصاف کے نام پر وجود میں آئی ہو وہ اپنوں اور دوسروں کے درمیان احتساب کے دوہرے معیار نہیں رکھ سکتی۔