لاہور ( ویب ڈیسک ) تحریک انصاف اور ق لیگ نے حمزہ شہباز کی حلف برادری کی درخواست پر فیصلے کیخلاف اپیل تیار کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف اور ق لیگ کے ممبران صوبائی اسمبلی نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہ،معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اپیل آج ہی دائر کی جائے گی ۔ تحریک انصاف کے وکیل کا کہنا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ آئین اور قانون کیخلاف ہے، لاہور ہائیکورٹ کیجانب سے حلف کی معیاد مقرر کرنا صدر اور گورنر کے عہدے کی توہین ہے ۔ تحریک انصاف کے اراکین نے موقف اختیار کیا کہ ہائیکورٹ کے پاس گورنر اور صدر کیخلاف کوئی بھی کاروائی کرنے کا اختیار نہیں ہے اور آئین کا آرٹیکل 248 صدر اور گورنر کو مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے ۔ اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ نے گورنر پنجاب عمر چیمہ کو حکم دیا تھا کہ وہ کل تک یا تو خود نومنتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کا حلف لیں یا اس مقصد کیلئے کسی اور کو فوری طور پر نامزد کریں۔ عدالت عالیہ کی جانب سے یہ فیصلہ حمزہ شہباز شریف کی درخواست پر سنایا گیا ۔ عدالت کا اپنے فیصلے میں کہنا تھا کہ صوبہ پنجاب 25 دنوں سے بغیر وزیراعلیٰ کے چل رہا ہے۔ گورنر پنجاب 28 اپریل تک حلف برداری کرائیں۔