پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، شاہ محمود قریشی

پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، شاہ محمود قریشی
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، ہم آج ہی مذاکرات کے لیے تیار ہیں ۔ سپریم کورٹ میں ملک بھر میں الیکشن ایک ساتھ کرانے کے کیس کی سماعت کے دوران شاہ محمودقریشی نے روسٹرم پر آکر کہا ہے کہ حکومت کے اصرارپر عدالت نے سیاسی اتفاق رائے کیلئے موقع دیا تھا ، تمام جماعتوں کی سیاسی قیادت عدالت میں پیش ہوئی تھی ۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا 14 مئی کا فیصلہ حتمی ہے، عدالتی حکم کو تحریک انصاف نے سنجیدگی سے لیا تھا لیکن پی ڈی ایم میں آج بھی مذاکرات پر اتفاق رائے نہیں ہے ، حکومت آئین سے انحراف کرنا چاہ رہی ہے ، حکومت کی جانب سے یہ کہا گیا تھا کہ وہ مشاورت کے بعد تجویزدیں گے لیکن یہاں کوئی تجویز ہی نہیں آئی ۔ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے مجھے، فواد چوہدری اور علی ظفر کو مذاکرات کیلئے نامزد کیا تھا لیکن ہم سے کوئی بھی رابطہ نہیں کیا گیا ، اسد قیصرنے حکومت کو مجھ سے رابطہ کرنے کا کہا تھا مگر آج تک مجھ سے کسی نے رابطہ نہیں کیا ہے ۔ پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ سے گذشتہ روزفون پرکہا تھا کہ وزیراعظم کے اصرارپر رابطہ کررہا ہوں، چیئرمین سینیٹ سے کہا کہ سپریم کورٹ میں جو تجاویز دی تھیں وہ کہاں ہیں ۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔