اسلام آباد: حکومت سے مذاکرات کیلئے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کا وفد پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے فواد چودھری ، شاہ محمود قریشی، اور بیرسٹر علی ظفر پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے گئے ہیں ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت سے صرف یک نکاتی ایجنڈا پر بات ہوگی اور وہ ہے انتخابات ۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے وفد کے پاس عمران خان کا مکمل مینڈیٹ ہے، معلوم نہیں کہ پی ڈی ایم کے پاس مینڈیٹ ہے یا نہیں ۔ قبل ازیں چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لئے تشکیل دی گئی تین رکنی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا ہے ، اجلاس کی صدارت وائس چیئرمین تحریک انصاف مخدوم شاہ محمود قریشی نے کی ۔ اجلاس میں سینئر نائب صدر فواد حسین چودھری اور سینیٹر علی ظفر نے شرکت کی، اجلاس میں حکومت کے ساتھ مذاکرات کیلئے حکمت عملی طے کی گئی ۔