اسلام آباد ( پبلک نیوز) سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوئترس کا وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو ٹیلیفون، افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہء خیال۔ وزیر خارجہ نے افغانستان میں انسانی فلاح و بہبود کے حوالے سے اقوام متحدہ کے کردار کو سراہا۔ انھوں نے کہا کہ عالمی برادری پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ افغانوں کی سماجی، اقتصادی اور انسانی حوالے سے معاونت کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ انھوں نے سیکرٹری جنرل کو افغانستان سے مختلف ممالک کے سفارتی عملے کے انخلاء کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے جاری معاونت سے آگاہ کیا۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوئترس نے افغانستان میں فلاحی سرگرمیوں میں مصروف اقوامِ متحدہ کے اداروں کی خصوصی معاونت پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ شاہ محمود قریشی نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوئترس کو پاکستان کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔