پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل نے اپنے دو روزہ جسمانی ریمانڈ کیخلاف فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہبازگل نے اپنے دو روزہ جسمانی ریمانڈ کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔اس کے علاوہ شہبازگل نے جسمانی ریمانڈ کے لیے سرکار کی اپیل کو منظور کرنے کا فیصلہ بھی چیلنج کر دیا ہے اور دونوں اپیلوں میں ایڈیشنل سیشن جج، حکومت، ایس ایس پی انویسٹی گیشنز فریق، آئی جی اسلام آباد اور متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں شہبازگل نے استدعا کی ہے کہ سپریم کورٹ ہائی کورٹ کا اپیل خارج کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے اور سیشن جج کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کا فیصلہ بھی کالعدم کیا جائے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ 12 اگست کے بعد کے شواہد اور تمام تحقیقات کو غیر قانونی قرار دیا جائے، حراست کو غیر قانونی اور بنیادی حقوق کے خلاف قرار دیا جائے ، تشدد کی انکوائری کے لیے آزاد اور غیر جانبدار میڈیکل بورڈ بھی تشکیل دیا جائے۔