راولپنڈی : آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کمراٹ میں پھنسے ہوئے22 افراد کو ہیلی کاپٹر کی مدد سے ریسکیو کرلیا گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اسلام آباد سے کمراٹ جانے والے خاندانوں سے رابطہ ہو گیا ہے، سیلابی ریلے کے باعث اسلام آباد سے کمراٹ جانے والے خاندان پھنس گئے تھے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ کور کمانڈر پشاور کی ہدایت پر پھنسے ہوئے خاندانوں سے رابطہ کیا گیا، ہیلی کاپٹر کی مدد سے 22 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کچھ خاندان پہاڑوں کی جانب گئے تھے،خراب موسم کے باعث ریسکیو نہیں کیا جا سکا، پھنسے ہوئے خاندانوں سے مسلسل رابطہ جاری،پہاڑوں کے قریب محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا، موسم کی صورتحال بہتر ہوتے ہی آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹروں کی مدد سے ریسکیو کیا جائے گا۔ ترجمان پاک فو ج نے کہا ہے کہ خوازہ خیلہ سے انخلا کے لئے گراؤنڈ پارٹی تیار ہے۔ عوام سے التماس ہے کہ وہ سوات اور گردونواح کا سفر نہ کریں۔