کٹھ پتلیوں میں حکومت چلانے کی صلاحیت نہیں، بلاول بھٹو

کٹھ پتلیوں میں حکومت چلانے کی صلاحیت نہیں، بلاول بھٹو

کوہاٹ:(پبلک نیوز) بلاول بھٹو زرداری نے جلسے سے خطاب میں کہا ہے کہ بی آر ٹی، مالم جبہ ہر جگہ پر کرپشن ہی کرپشن ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ  کوہاٹ کے عوام کے مسائل حل کریں گے، خیبر پختونخوا کےعوام کو نااہل حکومت سے بچائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے صوبوں کو ان کے حقوق دلوائے، پختونخوا کے عوام کو شناخت دلوائی، عوام کو فائدہ پہنچانے کے لیے سی پیک کی بنیاد رکھی، چین کے ساتھ مل کر معاشی ترقی لائی جا سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے تہتر کے آئین کو 18ویں ترمیم کی صورت میں بحال کیا، انشااللہ عوامی حکومت کو دوبارہ بحال کریں گے، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو ووٹ کا حق دیا، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے غریب کو روزگار دیا، ہم نے ملک بھر میں روزگار دیا، پینشن اور تنخواہوں میں اضافہ بھی کیا۔

انہوں نے مزید کہا ہماری پاک فوج نے دہشت گردی کا مقابلہ کیا، پاک افواج نے دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دیں، نالائق اور سلیکٹڈ حکومت کے غریب کے حقوق سلب کر لیے ہیں، ان کے صوبائی حقوق پر ڈاکا ڈالنے کی کوشش کو ناکام بنایا، دھاندلی زدہ، نالائق حکومت نے معاشی بحران پیدا کر دیا ہے، حکومت نے عوام کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبو دیا ہے، ہماری معاشی گروتھ ریٹ افغانستان اور بنگلا دیش سے بھی نیچے ہے، ہم روزگار میں اضافہ، مہنگائی میں کمی اور معیشت کو ٹھیک کریں گے۔

بلاول کا اپنے خطاب میں یہ بھی کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں ملک اور معیشت چلانے کی ہمت نہیں ہے، کرپشن کا کہہ کر تحریک انصاف کی بنیاد رکھی گئی، عمران خان نے کرپشن کے خلاف نعرے لگائے لیکن انہوں نے کرپشن کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں، ٹرانسپرنسی رپورٹ نے ان کا پول کھول کر رکھ دیا ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔