پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری

پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری
کیپشن: PTI Core Committee meeting
سورس: web desk

(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا اہم ترین اجلاس، کور کمیٹی اجلاس میں تین اہم قراردادیں متفقہ طور پر منظور ،سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان کا بطور سیکریٹری جنرل استعفیٰ منظور نہ کرنے کی سفارش بھی قرارداد کا حصہ ہے۔

قرارداد کے مطابق کور کمیٹی سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان کی جانب سے انتہائی کٹھن اور آزمائشی حالات کے دوران پارٹی کے لیے پیش کی گئی قابل تحسین خدمات کی معترف ہے،سیکریٹری جنرل عمر ایوب خان سے پارٹی عہدے سے اپنا استعفیٰ واپس لینے کی درخواست کرتے ہیں۔

عمر ایوب کی بطور پارٹی سیکریٹری جنرل خدمات موجودہ حالات کے تناظر میں پارٹی پالیسیوں کے تسلسل کے لئے نہایت اہمیت کی حامل ہیں، کور کمیٹی تاحیات اور بانی پی ٹی آئی  سے عمر ایوب خان کا استعفیٰ منظور نہ کرنے کی درخواست کرتی ہے، کور کمیٹی نہایت حساس اور اہم ترین موڑ پر پارٹی سے راہیں جدا کرنے والے افراد کی شدید مذمت کرتی ہے۔

مشکل وقت میں پارٹی چھوڑ جانے والوں کے پاس باہر بیٹھ کر پارٹی معاملات پر تبصرہ آرائی کرنے کا کوئی اخلاقی جواز یا اختیار نہیں، پارٹی کا ایسے تمام افراد سے کوئی سروکار ہے نہ ہی ان کے بیانات کسی طور پارٹی معاملات پر اثرانداز ہو سکتے ہیں،مشکل وقت میں راہیں جدا کرنے والے لوگ پارٹی کیلئے پھر سے کبھی قابلِ قبول نہیں ہوں گے۔

قرارداد میں مزید کہا گیا وہ تمام افراد جنہیں اپنے کیے پر افسوس ہے ان کے متعلق فیصلہ تاحیات اور بانی پی ٹی آئی کی صوابدید ہے،پارٹی اس امر کی توثیق کرتی ہے کہ ہر حال میں پارٹی صفوں میں سخت نظم و ضبط کا نفاذ کیا جائے گا،مستقبل میں پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کے تمام معاملات سے فوری طور پر نہایت سختی سے نمٹا جائے گا۔

پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بنیادی رکنیت کی معطلی سمیت دیگر تادیبی اقدامات کا سامنا کرنا ہو گا، جن افراد کو ڈسپلن کی خلاف ورزی پر نوٹسز دیے جا چکے ان کے معاملات سات روز میں نمٹائے جائیں گے۔

Watch Live Public News