اسلام آباد(پبلک نیوز) وزیر اعظم کا اپنے ٹویٹ میں کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف فضائی حملے کی شکل میں بھارت کی غیرقانونی ناعاقبت اندیش عسکری مہم جوئی پر ہماری جوابی کارروائی کو 2 برس مکمل ہونے پر میں قوم کو مبارکباد اور اپنی افواج کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ایک با اعتماد اور فاخر قوم کے ناطے ہم نے پورے عزم و استقلال سے اپنی مرضی کے وقت اور مقام پر جواب دیا۔
وزیراعظم کا اپنے ٹویٹ میں کہنا تھا کہ ہندوستان کی غیر ذمہ دارانہ عسکری شرانگیزی کے باوجود گرفتار بھارتی ہواباز واپس کر کے پاکستان نے دنیا کے سامنے اپنے ذمہ دارانہ رویے کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا ہم نے ہمیشہ امن کا علم بلند کیا ہے اور بات چیت کے ذریعے تمام تنازعات کا حل نکالنے کیلئے تیار رہتے ہیں۔
ایک اور ٹویٹ میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں ایل او سی جنگ بندی کی بحالی کا خیر مقدم کرتا ہوں، مزید پیش رفت کیلئے ایک سازگار ماحول پیدا کرنے کی ذمہ داری بھارت پر عائد ہوتی ہے، بھارت اہلِ کشمیر کے دیرینہ مطالبے کی منظوری اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں انہیں حقِ خودارادیت کی فراہمی کیلئےضروری اقدامات اٹھائے۔