ممبئی: ملاڈ کے مالوانی علاقے میں ٹیپو سلطان گراؤنڈ Tipu Sultan Ground کے نام پر سیاست گرم ہے۔ ٹیپو سلطان گراؤنڈ کے افتتاحی پروگرام Opening Ceremony of Tipu Sultan Ground کے پیش نظر بی جے پی، بجرنگ دل اور وشو ہندو پریشد کے کارکنان 25 جنوری کی شام سے مسلسل احتجاج کر رہے ہیں۔
آر ایس ایس اور اس سے وابستہ تنظیمیں اس گراؤنڈ کے ٹیپو سلطان سے منسوب ہونے کی وجہ سے اس کا نام بدلنے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ بجرنگ دل، بی جے پی، وشواہندو پریشد کے ہزاروں کارکنان نے اس گراؤنڈ پر ٹیپو سلطان کے نام کا بورڈ لگائے جانے اور گراؤنڈ کے افتتاح کے فیصلے کے خلاف مسلسل مظاہرہ کر رہی ہیں۔آج مہاراشٹر کے سرپرست وزیر اسلم شیخ نے اس گراؤنڈ کا افتتاح کیا۔ افتتاحی پروگرام سے قبل گراؤنڈ کے سامنے تقریباً 500 میٹر کے فاصلے پر رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، جہاں مظاہرین سڑکوں پر بیٹھ کر احتجاج کرتے نظر آئے۔ پولیس نے گراؤنڈ کے افتتاح سے پہلے ہی سیکورٹی کا سخت بند و بست کر رکھا تھا۔
گراؤنڈ کا افتتاح کرنے کے بعد اسلم شیخ نے کہا کہ 'خود بی جے پی نے ہی سب سے پہلے اس گراؤنڈ کا نام ٹیپو سلطان کے نام پر رکھنے کی تجویز دی تھی'۔ مالوانی کا یہ گراؤنڈ 15 سال پرانا ہے۔ اورا بتدا سے ہی یہ گراؤنڈ ٹیپو سلطان کے نام سے ہی جانا جاتا ہے۔
مہاراشٹرا قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے کہا کہ وہ اس گراؤنڈ کا نام اس شخص کے نام پر رکھنے کی اجازت نہیں دیں گے جو بڑی تعداد میں ہندوؤں کی موت کا ذمہ دار تھا۔ شیوسینا کے رہنما اور مہاراشٹر کے کابینہ وزیر آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ برہان ممبئی میونسپل کارپوریشن نے گراؤنڈ کا نام ٹیپو سلطان کے نام پر رکھنے کی کوئی تجویز قبول نہیں کی ہے۔
مہاراشٹر کے سرپرست وزیر اسلم شیخ نے کہا، ’’سالوں سے مقامی لوگ اسے ٹیپو سلطان میدان کہتے ہیں۔ میں نے صرف ان کاموں کا افتتاح کیا جو اس گراؤنڈ میں ہوا ہے۔ بی جے پی اس معاملے کو فرقہ وارانہ بنا رہی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بی جے پی کے کئی کونسلروں نے اپنے خطوط میں اس گراؤنڈ کا نام ٹیپو سلطان کے نام کیا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ وہ اچانک بدل گئے ہیں۔ میں ان بی جے پی لیڈروں سے استعفیٰ کا مطالبہ کروں گا جو پہلے اسے ٹیپو سلطان میدان کہتے تھے۔ مجھے یہ بھی نہیں معلوم کہ لوگ اس میدان کو ٹیپو سلطان کے نام سے کیوں پکارتے ہیں۔