ویب ڈیسک: بنگلہ دیش کی متنازعہ مصنفہ تسلیمہ نسرین سن 2011 سے ہی بھارت میں مقیم ہیں اور ایک بار پھر سے رہائشی اجازت نامے میں توسیع کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کے پاس سویڈن کی شہریت ہے، تاہم وہ کہتی ہیں کہ بھارت سے انہیں پیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق متنازعہ مصنفہ اور معروف کارکن تسلیمہ نسرین نے بھارت میں رہائشی اجازت نامے کی تجدید نہ ہونے پر پریشانی کا اظہار کیا اور مودی حکومت سے کہا ہے کہ انہیں ملک میں رہنے کی اجازت دی جائے تو وہ ان کی ممنون ہوں گی۔
واضح رہے کہ بھارت میں ان کی رہائش کے اجازت نامے کی میعاد گزشتہ جولائی میں ختم ہو گئی تھی، جس کی توسیع کے لیے انہوں نے سوشل میڈیا ایکس پر حکومت سے اپیل کی۔
انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ وہ بھارت کو "اپنا دوسرا گھر مانتی" ہیں اور اگر حکومت انہیں ملک میں "رہنے" کی اجازت دے تو وہ شکر گزار ہوں گی۔
تسلیمہ نسرین نے اپنی پوسٹ میں کہا، "پیارے امیت شاہ جی، نمسکار۔ میں بھارت میں رہتی ہوں کیونکہ میں اس عظیم ملک سے پیار کرتی ہوں۔ یہ پچھلے 20 سالوں سے میرا دوسرا مسکن ہے۔ لیکن جولائی سے ہی وزارت داخلہ میرے رہائشی اجازت نامے میں توسیع نہیں کر رہی ہے۔ میں بہت پریشان ہوں، اگر آپ مجھے رہنے دیں تو میں آپ کی بہت مشکور ہوں گی۔"
متنازعہ تحریروں کی وجہ سے سن 1994 میں بنگلہ دیش میں ان کے خلاف ایک فتوی جاری کیا گیا تھا، جس کے بعد وہ بھارت نقل مکانی کرکے پہنچی تھیں اور تبھی سے وہ خود ساختہ جلا وطنی کی زندگی گزار رہی ہیں۔