(ویب ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ الیکشن میں اکثریت ملی تو وزیراعظم کا انتخاب بانی پی ٹی آئی کریں گے،عدالت میں درخواست دے کر بلے کا نشان دوبارہ حاصل کریں گے،امیدواروں کو قرآن پر حلف لینے کی ہدایات نہیں دی گئیں۔
تفصیلات کےمطابق بونیرمیں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئےبیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ پی ٹی آئی امیدواروں کو ہر مقام پر تنگ کیا جارہا ہے، اب سیز فائر ہونا چاہیے ،درخواست ہے کہ 8 فروری کو عوام کا راستہ نہ روکا جائے، ہم سے ہمارا انتخابی نشان بلا چھین لیا گیا جبکہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے انٹراپارٹی الیکشن پر کوئی اعتراض نہیں کیا گیا۔
مسلم لیگ کی سیاست یہ ہے کہ وہ کہتی ہے بات ہوچکی ہے، انہیں 125 سیٹیں ملیں گی اور نواز شریف چوتھی بار وزیراعظم بنیں گے لیکن پی ٹی آئی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔ پی ٹی آئی عوام کی حمایت، سپورٹ اور ووٹ سے حکومت بنائے گی کسی اشارے یا مداخلت سے نہیں۔
بیرسٹرگوہر علی خان نے کہا کہ نوازشریف 8فروری کو لندن جانے کے لئے فلائٹ کا بندوبست کریں،8فروری کو ملک میں الیکشن ہوں گے اور 10فروری کو لندن واپس جائیں گے عوام ان کو واپس بھیج دیں گے۔
بلاول بھٹو کو نشانے پر رکھتے بیرسٹرگوہر خان نے کہا کہ ان کی تربیت خریدوفروخت کے لئے کی گئی ہے، بلاول پی ٹی آئی کو بھول گئے ہیں۔ پی ٹی آئی سندھ کی زمین پر، کراچی اور سب سے پہلے لاڑکانہ میں انہیں دردناک شکست دے گی۔